تیر پرٹھپہ لگا کر ثابت کرنا ہے آج بھی بھٹو زندہ ہے کل بھی بھٹو زندہ تھا، بلاول بھٹو

 پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ شکار کا موسم ہے اور ہم نے شیر کا شکار کروانا ہے، شیر کا شکار تیر سے ہوتا ہے بلے سے نہیں، ہمارے سوا کسی جماعت کو عوامی مسائل کا احساس نہیں، باقی سیاسی جماعتوں کو صرف کرسی کا شوق ہے، ہماری سیاست کا مقصد عوام کی خدمت ہے۔تفصیلات کے مطابق بہاولپورمیں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم ہی میدان میں ہیں، ملک میں تاریخی معاشی بحران ہے، مہنگائی غربت بیروزگاری میں تاریخی اضافہ ہو رہا ہے، پاکستان کی تاریخ میں ہم نے یہ حالات نہیں دیکھے، پاکستان اس وقت ایک مشکل میں ہے، ہمارا کوئی ذاتی مقصد نہیں بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم عوام کو 300 بجلی کے مفت یونٹ دیں گے، ملک بھر میں مفت تعلیمی ادارے بنائیں گے، میں بہاولپور میں بھی امراض قلب کا اسپتال بناؤں گا، عوام کے لیے 30لاکھ گھر بنانا چاہتا ہوں، خان صاحب کی طرح جھوٹے وعدے نہیں کرتا۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ سندھ میں 20 لاکھ گھر بنا رہا ہوں، ہر ضلع میں اسپتال بناؤں گا جہاں شہریوں کا مفت علاج ہوگا، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اضافہ کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ باقی سیاسی جماعتیں اشرافیہ کی نمائندگی کرتی ہیں، ہمیں پھر ایک منشور کی ضرورت ہے، بے نظیر مزدور کارڈ بھی لے کر آئیں گے، حکومت بنی تو کسان کارڈ سے بھی مالی مدد کریں گے، جب بھی پیپلزپارٹی کی حکومت بنی سب سے زیادہ عوام کو روزگار ملا، بھوک مٹاؤ پروگرام کے تحت غربت کا مقابلہ کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن