چکوال (نامہ نگار) چکوال موٹر وے پر سالٹ رینج میں تیز رفتار بس بریک فیل ہو جانے کے باعث گہری کھائی میں جا گری۔ 10افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ سوار 46دیگر مسافر شدید زخمی ہیں۔ 25 مسافر شدید زخمی ،زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو چکوال منتقل کر دیا گیا۔ زخمیوں میں مریم دختر لال حسین، سمیرا، اعجاز حسین، عیان، سرجیل، ماہ نور دختر شکیل وغیرہ شامل ہیں جبکہ مرنے والوں کی ڈیڈ باڈیز بھی ہسپتال لائی جا رہی ہیں جبکہ کچھ مسافروں کی نعشیں بس کے نیچے دبی ہوئی ہیں جن کو نکالنے کے لئے کرین منگوائی جا رہی ہے تاکہ بس کو کھائی میں جانے سے بچایا جا سکے۔ بیشتر کی حالت خطرناک ہے جس کو راولپنڈی منتقل کرنے کے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ بدقسمت بس کوہستان کمپنی کی تھی جو راولپنڈی سے فیصل آباد جا رہی تھی بعض لوگوں کا خیال ہے موٹر وے پولیس اس حادثہ کی ذمہ دار ہے کیونکہ موٹر وے پولیس کے آئی جی سمیت دیگر تمام افسران اور عملہ موٹر وے پر توجہ دینے کی بجائے دیگر شاہراہوں پر زیادہ توجہ دے رہی ہے، خصوصی طور پر شہری علاقوں میں سرگرم عمل نظر آتے ہیں۔ ثنا نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے چکوال کے قریب موٹر وے پر بس حادثہ میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے مقامی انتظامیہ کو امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے اور زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
چکوال : موٹروے پر بس کھائی میں جا گری ‘10 مسافر جاں جاں بحق ‘46 زخمی
Jul 13, 2013