”جعلی ڈگری“ غلام سرور خاں کی ضمانت میں توسیع، شمائلہ رانا عدالت میں پیش

لاہور(وقائع نگار خصوصی+ اپنے نامہ نگار سے) لاہورہائیکورٹ نے سابق وفاقی وزیرغلام سرور خان کی جعلی ڈگری کے مقدمہ میں عبوری ضمانت میں ایک ہفتے تک توسیع کردی۔ گزشتہ روز فاضل عدالت نے سماعت کا آغاز کیا تو پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا تھا سابق وفاقی وزیر غلام سرور کی تعلیمی اسناد جعلی ثابت ہو چکی ہیں جس کے بعد مقدمہ درج کر کے تفتیش بھی مکمل ہو چکی ہے جس سے ثابت ہو چکا ہے غلام سرور کی بی اے کی ڈگری جعلی ہے۔ لہٰذا عبوری ضمانت خارج کی جائے۔ جعلی ڈگری کیس میں سابق ایم پی اے شمائلہ رانا گزشتہ روز سیشن کورٹ میں پیش ہو گئیں جس پر عدالت نے انکے وارنٹ گرفتاری واپس لے لئے اور مقدمہ کی سماعت 20جولائی 2013تک ملتوی کرتے ہوئے استغاثہ کے گواہوں کوطلب کر لیا جبکہ فاضل عدالت نے دہری شہریت کیس میں سابق ایم پی اے شہنازشیخ اور رانا آصف کے خلاف استغاثہ کی بھی سماعت 20 جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے شہادتیں طلب کرلیں۔ تینوں کے خلاف الیکشن کمیشن کی طرف سے عدالت میں استغاثہ دائرکرتے ہوئے ان کے خلاف قانونی کارروائی کے علاوہ ان سے تمام مراعات واپس لینے کی استدعاکی گئی ہے۔فاضل عدالت نے الیکشن کمشن کے وکیل کو گواہ پیش کرنے کا حکم دیا۔

ای پیپر دی نیشن