توقیر صادق کو بچانے کی کوشش، 2 نیب افسروں کیخلاف انکوائری آخری مرحلے میں

Jul 13, 2013

اسلام آباد (این این آئی+نوائے وقت نیوز) اوگرا کرپشن کیس کے مرکزی کردار توقیر صادق کو بچانے کی کوشش کرنیوالے دو نیب افسروں کیخلاف انکوائری آخری مرحلے میں داخل ہو گئی۔ ڈی جی نیب خیبر پی کے شہزاد نواز بھٹی اور سابق ڈی جی فنانشل کرائم کوثر ملک کے خلاف انکوائری کے دوران کمیٹی کو اہم شواہد مل گئے۔ نیب نے توقیر صادق کی گرفتاری میں اہم کردار ادا کرنے والے افسروں وقاص احمد اور شمائیل عزیز کو اعزازی شیلڈز دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب نیب ٹیم توقیر صادق کی مدد سے سوئی سدرن گیس کمپنی کے شیئرز کی خریدو فروخت میں ہونے والی بدعنوانی کے الزامات کی تحقیقات کرے گی۔ ٹیم بروکرز سے توقیر صادق کی شیئرزخریداری کے معاملے میں مداخلت کا سراغ لگائے گی۔ علاوہ ازیں توقیر صادق کے افغانستان فرار سے متعلق نیب کی رپورٹ جاری کر دی گئی۔ رپورٹ کے مطابق سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق نے افغانستان فرار ہونے میں مدد دینے والے کسی فرد کا نام نہیں لیا۔ اگر کسی کا نام آیا تو اس کے خلاف بھی کارروائی ہو گی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے نیب حکام نے کہا کہ توقیر صادق نے طورخم بارڈر پر نہیں کابل ائر پورٹ پر رشوت دی۔ توقیر صادق نے کابل ائر پورٹ پر ایک ہزار روپے رشوت دی۔

مزیدخبریں