کھلاڑیوں کے انجری مسائل ورلڈ ہاکی لیگ میں شکست کا سبب بنے ‘ رپورٹ تیار

Jul 13, 2013

لاہور (سپورٹس رپورٹر) ملائیشیا میں کھیلے جانے والے ہاکی ورلڈ لیگ سیمی فائنل ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم کی شکست کی وجہ کھلاڑیوں کے فٹنس مسائل کے ساتھ ساتھ لمبے عرصہ تک بیرون ملک لیگ ہاکی کھیلنا قرار دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ہاکی ورلڈ لیگ میں شرکت کرنے والی ٹیم میں تین سے چار کھلاڑی انجری مسائل سے دو چار تھے جس کی بناءپر ٹیم انتظامیہ کو ملائیشیا میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ میں سخت مشکلات کا سامنا رہا۔ ذرائع کے مطابق قومی ہاکی ٹیم کے آفیشلز نے ٹورنامنٹ میں ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے ابتدائی رپورٹ تیار کر لی گئی ہے جبکہ تفصیلی رپورٹ ہیڈ کوچ و منیجر اختر رسول پیر کو پاکستان ہاکی فیڈریشن میں جمع کرائیں گے۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے آفیشلز نے ان باتوں کی سختی سے تردید کی ہے کہ ٹورنامنٹ کے دوران آفیشلز کا آپس میں کوئی مسئلہ رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم کی ناقص کارکردگی کی بنا پر منفی باتیں جان بوجھ کر پھیلائی جا رہی ہے جبکہ ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان ہاکی ٹیم کی شکست کی اصل وجہ انجری مسائل تھے جن پر اگر قابو پا لیا گیا تو اس بات میں کوئی شکست نہیں کہ ایشیا کپ میں کامیابی حاصل کر کے پاکستان ٹیم ورلڈکپ 2014ءکے لئے کوالیفائی کر سکتی ہے۔ 

مزیدخبریں