لاہور (نمائندہ سپورٹس) پاکستان ٹیم کے اہم کھلاڑیوں کو اپنی مجموعی آمدنی پر 25 فیصد ٹیکس پر چھوٹ کے معاملے میں وفاقی حکومت سے اپیل پر ابھی امیدیں ہیں اور کھلاڑی اس حوالے سے وزیر خزانہ کی طرف سے کھیل دوست فیصلے کے منتظر ہیں۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق سمیت چند اہم کھلاڑیوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے سنٹرل کنٹریکٹ پر ٹیکس کے معاملات کی وجہ سے ابھی تک دستخط نہیں کئے۔ چند روز قبل مصباح الحق اور اظہر علی نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کرکے مسئلے کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کی درخواست کی تھی۔ اس ضمن میں چند کھلاڑیوں نے چیئرمین ایف بی آر کی ہدایت پر ضروری تفصیلات بھی بھجوا دی ہیں۔ 2009ء سے 2013-14ء تک کے عرصے میں کھلاڑیوں کو 25 فیصد کے حساب سے ٹیکس ادا کرنا ہے اور یہ رقم قومی کرکٹرز کی جیبوں پر خاصی بھاری ہے۔