ریوڈی جنیرو(سپورٹس ڈیسک) برازیل کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ آج ریو دی جنیرو میں ورلڈ کپ فائنل کے لیے شہر میں آج تک کے سب سے وسیع سکیورٹی آپریشن کا منصوبہ رکھتے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ جرمنی اور ارجنٹائن کے درمیان ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کے لیے پورے شہر میں 25 ہزار سے زیادہ سکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔اس میچ کو دیکھنے کے لیے جرمنی کی چانسلر اینگیلا میرکل اور روسی صدر ولادیمیر پوتن بھی وہاں موجود ہوں گے۔اطلاعات کے مطابق 75 ہزار فٹبال شائقین ریو کے میراکانا سٹیڈیم میں اس فائنل مقابلے کو دیکھنے کے لیے موجود ہوں گے۔اس سکیورٹی آپریشن میں پولیس اور فوج کے جوانوں سمیت آگ بجھانے والے عملے بھی شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ شہر کے ساحل پر نگرانی کے لیے 25 آبی جہاز بھی تعینات ہوں گے۔مقامی سینئر سرکاری اہلکار میریانو بلٹرین نے بتایاکہ اس شہر یا اس ملک میں ہونے والا یہ وسیع ترین سکیورٹی آپریشن ہوگا۔ہمیں اس بات کی یقین دہانی کرانی ہے کہ بقیہ میچوں کی طرح یہ میچ بھی بخیر و عافیت انجام پذیر ہو۔ ہم دنگ ہونے کے بجائے زیادہ سے زیادہ افراد کی تعیناتی کو بہتر سمجھتے ہیں۔ میڈیا کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں کی تعداد سٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کی تعداد کا ایک تہائی ہوگا۔فائنل دیکھنے کے لیے برازیل کے پڑوسی ملک ارجنٹائن سے کثیر تعداد میں شائقین کی آمد کی امید ظاہر کی جا رہی ہے اور جہاں وہ خیمہ زن ہیں وہاں سکیورٹی زیادہ ہے۔ان علاقوں میں سکیورٹی انتظامات سخت ہوں گے جہاں ہزاروں کی تعداد میں ارجنٹائن باشندے خیموں میں ٹھہرے ہوئے ہیں۔ فائنل کے موقع پر پڑوسی ملک ارجنٹائن سے تقریباً 70 ہزار فٹبال پرستار برازیل میں موجود ہوں گے۔ فوج کے سربراہ جنرل جمیل مجید نے کہا کہ اتنے بڑے پیمانے پر سکیورٹی انتظامات اس لیے ہیں کہ وہاں فائنل میچ میں چند سربراہان مملکت ہوں گے۔میچ سے قبل صدر پوتن اور چانسلر میرکل برازیل کی صدر روسیف کے ساتھ ظہرانہ میں شریک ہوں گے۔واضح رہے کہ فٹبال کے آئندہ ورلڈ کپ کی میزبانی 2018 ء میں روس کر رہا ہے۔
ریوڈی جنیرو میں سب سے وسیع سکیورٹی کا منصوبہ، روسی صدر جرمن چانسلر میچ دیکھیں گے
Jul 13, 2014