لاہور (وقائع نگار خصوصی) ماڈل ٹاون واقعہ کی انکوائری کرنیوالے لاہور ہائیکورٹ کے جج مسٹر جسٹس علی باقر نجفی سمیت عدالت عالیہ کے تین ججوں کو سنگین نتائج کے دھمکی آمیز خط موصول ہونے کے بعد ججز کی سکیورٹی بڑھا دی گئی۔ ذرائع کے مطابق جسٹس علی باقر نجفی کو دہشت گردوں کی جانب سے دھمکی آمیز خط ملنے کے بعد عدالت عالیہ کے مزید دو ججز کو انکے ناموں کے ساتھ دھمکی آمیز خط موصول ہوئے ہیں۔ جس کے بعد نہ صرف عدالت عالیہ کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے بلکہ ججز کی سکیورٹی بڑھا کر انکے ساتھ پولیس کے کمانڈوز بھی تعینات کر دئیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق عدالت عالیہ کی فول پروف سکیورٹی انتظامات کا از سر نو جائزہ لیا جا رہا ہے۔ جسٹس سید منصور علی شاہ گذشتہ کئی روز سے ہائیکورٹ کی سکیورٹی پر مامور پولیس افسران کے ہمراہ عدالت عالیہ کی سکیورٹی کا موقع پر جا کرمعائنہ کر رہے ہیں۔
ججز سکیورٹی