لاہور + گوجرانوالہ (خصوصی رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ رمضان بازاروں کا مقصد عام آدمی کو خوردونوش کی اشیاء مناسب داموں پر فراہم کرنا ہے، حکومت گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کو کسی قیمت پر من مانی نہیں کرنے دیگی۔ وہ گوجرانوالہ میں رمضان بازار کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔گوجرانوالہ کی انتظامیہ کو بھی وزیراعلیٰ کے اس اچانک دورے کی بھی خبر نہ تھی۔ وزیراعلیٰ راولپنڈی سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے لاہور واپس آرہے تھے کہ انہوں نے بغیر کسی پیشگی پروگرام پائلٹ کو گوجرانوالہ اترنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے پہلے پیپلز کالونی کے رمضان بازار کا دورہ کیا اور وہاں لگائے گئے ایک ایک سٹال پرگئے اوران سٹالوں پر رکھی گئی اشیاء کی قیمتوں اور معیار کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے خریداری کے لئے آئے لوگوں سے دریافت کیا کہ کیا وہ اشیاء کے معیا راور قیمتوں سے مطمئن ہیں؟ جس پر لوگوں نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ رمضان بازاروں میں معیاری اشیاء ضروریہ ،سبزیاں اور پھل مناسب قیمتوں پر دستیاب ہیں۔ بعدازاں وہ شاہین آباد رمضان بازار گئے، وہاں آٹے کے تھیلے میں زائد نمی ثابت ہونے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے متعلقہ مظفر فلور مل کو سیل کرنے کے احکامات جاری کئے۔ میڈیا سے گفتگو میں شہبازشریف نے کہاکہ قصور اور اوکاڑہ کی نسبت گوجرانوالہ میں رمضان بازاروں کے انتظامات بہتر اور قابل ستائش ہیں، گرانفروش اور ذخیرہ اندوز مجھ سے کسی نرمی کی توقع نہ کریں۔ اسلام آباد میں اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو لوڈشیڈنگ کے اندھیروں سے ہر حال میں نجات دلائیگی ۔2017ء تک توانائی کے جاری تمام منصوبوں کی ہر قیمت پر تکمیل یقینی بنائی جائے گی، مسائل اور پیچیدگیوں کے باوجود توانائی کے شعبے میں چین کے بھر پور تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، بجلی ہوگی تو ہمارے کھیت کھلیان لہرائیں گے۔صنعت و معیشت کا پہیہ چلے گا۔ علاوہ ازیں شہبازشریف سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے ملاقات کی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے پختون بہن بھائیوں کی مدد کے لئے قائم کئے گئے چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں 2کروڑ 70لاکھ روپے کے چیک دئیے۔ صوبائی پرائس کمیٹی سے خطاب میں شہبازشریف نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب عوام کو رمضان المبارک کے دوران سستے آٹے کی فراہمی پر 5ارب روپے کی سبسڈی دے رہی ہے، آٹے کی کوالٹی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ غیرمعیاری آٹا سپلائی کرنے والی فلور ملوں کا گندم کوٹہ معطل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے رمضان بازاروں میں بہترین انتظامات پر راولپنڈی اور گوجرانوالہ کے ڈی سی اوز اور متعلقہ عملے کو شاباش دی۔ لاہور سمیت پنجاب کے بعض علاقوں میں پینے کے پانی کی کمی کا نوٹس لیتے ہوئے شہبازشریف نے پانی کی قلت دور کرنے کیلئے فوری طور پر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ شہبازشریف نے معروف نیورو سرجن بریگیڈئر (ر) ڈاکٹر خالد محمود بٹ کے انتقال پر اظہار کیا ہے۔
شہبازشریف
گوجرانوالہ کے رمضان بازاروں کا اچانک دورہ‘ گراں فروشوں‘ ذخیرہ اندوزوں کو من مانی نہیں کرنے دینگے : شہباز شریف
Jul 13, 2014