ریاض (بی بی سی) مکہ مکرمہ کو معروف ایپ سنیپ چیٹ کی جانب سے فیچر کئے جانے کے سلسلے میں ایک مہم میں تقریباً تین لاکھ افراد نے #Mecca_live کا ہیش ٹیگ استعمال کیا ہے۔ سنیپ چیٹ نے گذشتہ سال لائیو یعنی براہِ راست کی آپشن متعارف کروائی تھی۔ اس کے ذریعے صارفین براہِ راست شائع کی جانے والی ایک سٹریم میں اپنی ویڈیوز اور تصاویر شائع کر سکیں گے۔ ایپ کے دیگر فنکشنز کی طرح یہ ویڈیوز اور تصاویر چند لمحوں کے بعد غائب ہو جاتی ہیں۔ سنیپ چیٹ عموماً اِن لائیو سٹریمز کیلئے جگہوں کا انتخاب خود کیا کرتی ہے اور گذشتہ ہفتے انہوں نے اسرائیلی دارالحکومت کی ایک سٹریم شائع کی جو کہ تنقید کا مرکز بنی۔ تاہم کئی مرتبہ صارفین کسی ایک مقام کو مقبول بنا کر اس کو فیچر کروانے کی کوشش بھی کرتے ہیں اور اب صارفین کی ایک بڑی تعداد یہ کوشش کر رہی ہے کہ مکہ میں لاکھوں عبادت گزاروں کو بیک وقت عبادت کرتے دکھایا جائے۔ سعودی عرب کا شہر مکہ اور وہاں موجود مسجد الحرام مسلمانوں کے لیے اہم ترین مقامات ہیں۔ یہاں پیغمبرِ اسلام کی پیدائش ہوئی اور اسلام کی مقدس کتاب قرآن کا نزول ہوا۔ ہر سال لاکھوں مسلمان حج کا فریضہ ادا کرنے اسی شہر کا رخ کرتے ہیں۔ ماہِ رمضان میں بھی دنیا بھر کے مسلمان مکہ میں جا کر عبادت کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔اہم بات یہ ہے کہ اس شہر میں غیر مسلموں کا داخلہ ممنوع ہے۔ سنیپ چیٹ پر مہم میں کوشاں لاکھوں سعودی شہریوں کو امید ہے کہ اس کے ذریعے عبادت میں مصروف مسلمانوں کی بڑی تعداد کا ’خوبصورت‘ منظر دنیا کو دیکھایا جا سکے گا۔ غیر مسلموں کے لیے اس شہر کو دیکھنے کا یہ ایک نایاب موقع ہوگا۔ ایک سعودی شہر نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’وہ کہتے ہیں کہ نیو یارک کھبی سوتا نہیں۔ انہوں نے مکہ ابھی دیکھا نہیں ہے۔ ہمیں #Mecca_live چاہیے۔‘ اس مہم کے کارکنان کی کوشش ہے کہ سنیپ چیٹ ماہِ رمضان کی ستائیسویں شب کو اپنی لائیو کوریج کرے کیونکہ زیادہ با برکت رات تصور کیے جانے کی وجہ سے اس رات مکہ کی مسجد الحرام میں قدرے زیادہ عبادت گزار متوقع ہیں۔
سنیپ چیٹ پر مکہ مکرمہ کو لائیو دکھانے کی کوشش
Jul 13, 2015