خواتین کو موقع دیا جائے تو وہ ملک و قوم کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکتی ہیں ایشیا کی پہلی فائر فائٹر شازیہ پروین

Jul 13, 2015

وہاڑی (نامہ نگار) ریسکیو 1122وہاڑی سٹیشن میں 25 سالہ شازیہ پروین شعبہ فائر فائٹنگ میں خدمات سر انجام دے رہی ہے ایک نیشنل ہیرو کے طور پر اُبھرتے ہوئے ایشیا کی پہلی بہترین فائر فائٹر ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ شازیہکا تعلق میلسی میں ایک پسماندہ علاقہ کرم پور سے ہے۔ شازیہ پروین نے بتایا انہوں نے مارچ 1989ء میں رحمت اللہ کے گھر آنکھ کھولی ان کے والد نہایت شریف انسان ہیں ان کا گھرانہ تقریباً 10افراد پر مشتمل ہے ابتدائی تعلیم اپنے آبائی علاقہ سے حاصل کرنے کے بعد ملتان پولی ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ سے الیکٹرونکس میں ڈپلومہ حاصل کیا، عوام کی خدمت کے جذبے سے سر شار ہوتے ہوئے ریسکیو 1122کو جوائن کر لیا ایمرجنسی سروسز اکیڈمی لاہور سے سات ماہ کی ٹریننگ حاصل کرنے کے بعد جولائی 2014ء میں ریسکیو 1122وہاڑی سٹیشن کو جوائن کیا۔ انہوں نے بتایا فائر فائٹنگ کو دنیا کی دوسری مشکل ترین جاب سمجھا جاتا ہے خواتین اس شعبہ میں کم آتی ہیں لٰہذا میں نے چیلنج سمجھ کر فائر فائٹنگ کا شعبہ اختیا کیا یہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے ایشیا کی نوجوان لڑکیوں کے لئے فخر کا نشان ہے اپنی سروسز کے دوران بہترین کنٹرول روم ورک ، بہترین اکائونٹس آفس ورک اور پہلی ایشیا کی خاتون فائر فائٹر کا اعزاز بھی میرے نصیب میں آیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس مقام تک پہنچنے میں میرے والدین کی دعائوں اور انتھک محنت کا نتیجہ ہے میرا عورتوں کے نام یہ پیغام ہے کہ اسلام میں عورت کو اعلیٰ مقام ملا ہے اور خواتین ہر شعبے میں کام کر رہی ہیں اگر ان کو مواقع دیے جائیں تو ملک و قوم کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکتی ہیں اس موقع پر انہوں نے ریسیکو 1122وہاڑی میں سروس کے دوران ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر فرزند ،پی آر او محمد وقاص ، سٹیشن انچارج عبدلجبار و دیگر کے تعاون کا شکریہ ادا کیا جن کی وجہ سے اپنی سروس میں کبھی بھی پریشانی نہیں آئی اور ان کا بھرپور تعاون ملا۔

مزیدخبریں