چک جھمرہ (نامہ نگار) نہر میں نہاتے ہوئے نوجوان کی نعش برآمد نہ ہونے پر ورثاء کا انتظامیہ کے خلاف سڑک اور ریلوے ٹریک بند کر کے احتجاج۔ پولیس کی یقین دہانی پر لوگ پرامن طور پر منتشر ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز چک نمبر147ر۔ب چوڑی کا رہائشی 22 سالہ وقاص نہر میں نہاتے ڈوب گیا تھا جس کی نعش برآمد نہ کی جا سکی جس پر اہل علاقہ اور ورثاء نے تھانہ ساہیانوالہ پولیس کے تعاون نہ کرنے اور ریسکیو 1122کے عملے کے خلاف سالار والا اڈا پر جھمرہ سانگلہ روڈ ٹائر جلا کر ٹریفک کے لئے بند کر دیا اور دارالاحسان ریلوے سٹیشن کے قریب ریلوے ٹریک بھی ڈیڑھ گھنٹہ بند رکھا جس سے مال گاڑی دارالاحسان سٹیشن پر کھڑی رہی جبکہ نان سٹاپ جھمرہ سٹیشن پر کھڑی رہی۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ جب تک نعش برآمد نہیں ہو گی احتجاج جاری رہے گا۔ ڈی ایس پی نشاط آباد اوصاف واہلہ ایس ایچ او تھانہ جھمرہ غلام شبیر بلوچ کی ریسکیو ٹیموں کی تلاش جاری رکھنے اور اپریشن کا دائرہ وسیع کرنے کی یقین دہانی پر لوگ پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔ ریسکیو ٹیموں کی نعش کے لئے تلاش جاری ہے۔