لاہور (سپورٹس رپورٹر) وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر ہاکی کی ناقص کارکردگی کا جائزہ لینے والی تحقیقاتی کمیٹی اپنی رپورٹ مکمل نہیں کر سکی ہے۔ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے ایک ذمہ دار شخص نے نوائے وقت کو بتایا ہے کہ ابھی بہت سارے معاملے کا جائزہ لیا جا رہا ہے، کوئی کام جلد بازی میں نہیں کرنا چاہتے ہیں، فیڈریشن کے عہدیداران، ہیڈ کوچ شہناز شیخ اور کپتان ایم عمران سے تفصیلی بات ہوئی ہے۔ کمیٹی آج سے شروع ہونے والے رواں ہفتے ہونے والے اجلاسوں میں اپنی سفارشات مکمل کر لے گی جسے وزیراعظم کی وطن واپسی پر انہیں پیش کیا جائے گا۔ کمیٹی کے ذمہ دار شخص کا کہنا تھا کہ کمیٹی ایسے کسی اقدام کی حمایت میں نہیں ہے کہ کسی شخص کو خوش کیا جائے۔ میرٹ پر تمام حقائق کو مدنظر رکھ کر رپورٹ تیار کی جائے گی۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اختر نواز گنجیرا سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ میں کمیٹی کا ممبر ہوں ایسی کوئی بات نہیں کر سکتا تاہم یہ بات درست ہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم کی ناقص کارکردگی کی رپورٹ تاحال مکمل نہیں ہوئی ہے جیسے ہی مکمل ہوگی اس کے بعد وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں جمع کرائی جائے گی۔
ہاکی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ مکمل نہ ہو سکی
Jul 13, 2015