لندن (سپورٹس ڈیسک )سربیا کے نوواک جوکووچ نے سوئٹزرلینڈ کے روجر فیڈرر کو شکست دے کر ومبلڈن ٹینس گرینڈ سلام ٹورنامنٹ جیت لیا ہے۔ مجموعی طور پر یہ تیسرا موقع ہے کہ جوکووچ ومبلڈن جیتنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔یہ ان کے کریئر کا نواں گرینڈ سلام اعزاز ہے۔انھوں نے پہلے سیٹ میں فیڈرر کو ٹائی بریکر پر سات چھ سے ہرایا تو دوسرے سیٹ میں فیڈرر نے اسی سکور سے فتح حاصل کی۔فیڈرر نے پہلے سیٹ کے چھٹے گیم میں جاکووچ کی سروس بریک کر کے برتری حاصل کی لیکن اگلی ہی گیم میں جاکووچ نے ان کی سروس بریک کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔چھ، چھ گیمز سے مقابلہ برابر ہونے کے بعد ٹائی بریکر میں جاکووچ نے بہتر شاٹس لگائیں اور پہلا سیٹ جیت لیا۔اس سال نوواک جوکووچ دو مرتبہ روجر فیڈرر کو شکست دے چکے ہیں۔دوسرے سیٹ میں بھی کم و بیش یہی صورتحال دیکھنے کو ملی اور سیٹ کا فیصلہ ٹائی بریکر پر ہی ہوا لیکن اس مرتبہ فتح فیڈرر کے حصے میں آئی۔تیسرے اور چوتھے سیٹس میں جاکووچ نے فیڈرر کی سروس بریک کی اور یہ تیسرا سیٹ چھ چار اور چوتھا چھ تین کے سکور سے جیت کر ٹورنامنٹ جیت لیا۔33 سالہ روجر فیڈرر کی نظریں آٹھویں بار ومبلڈن ٹائٹل اپنے نام کرنے کے نیا ریکارڈ بنانے پر لگی ہوئی تھیں لیکن ان کا یہ خواب پورا نہ ہو سکا۔وہ امریکہ کے پیٹ سمپراس کا یہ ٹورنامنٹ سب سے زیادہ سات مرتبہ جیتنے کا ریکارڈ برابر کر چکے ہیں۔یہ دونوں کھلاڑی ہی گذشتہ برس بھی ومبلڈن کے فائنل میں مدِمقابل تھے اور اس میچ میں بھی نوواک جوکووچ نے فیڈرر کو شکست دی تھی۔ اب تک فیڈرر اور جوکووچ کے 40 باہمی مقابلوں میں دونوں نے 20، 20 مقابلے جیتے ہیں لیکن اس سال جوکووچ فیڈرر کو تین مرتبہ شکست دینے میں کامیاب رہے ہیں۔