لاہور(سپورٹس رپورٹر) ایشین فٹ بال کنفیڈریشن کی ایگزیکٹو کمیٹی ایشیاءکے چار ممالک بشمول پاکستان، سری لنکا، نارتھ کوریا اور مالدیپ میں ہونے والے الیکشنز کی تصدیق کرتے ہوئے مخدوم سید فیصل صالح حیات کو ان کی بحیثیت صدر پاکستان فٹ بال فیڈریشن برائے مدت 2015-2019 کامیابی پر مبارکباد دی جبکہ فیصل صالح حیات نے اے ایف سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین کا شکریہ ادا ہوئے کہا کہ فیفا اور اے ایف سی کے تعاون اور پاکستان کی فٹ بال فیملی کی حمایت سے پاکستان میں فٹ بال کی ترویج و ترقی کا سفر جاری رکھا جائے گا اور پاکستان فٹ بال فیڈریشن ایشیاءاور دنیا بھر میں فٹ بال کے فروغ کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کی حمایت کرتی ہے اور اس سلسلہ میں ہم اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔فیصل صالح حیات نے مزید کہا کہ گزشتہ ایک دہائی میں پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی جانب سے پاکستان میں فٹ بال کے فروغ کے لئے بے پناہ انقلابی اقدامات اٹھائے گئے جن کی بدولت ملک میں فٹ بال کی مقبولیت میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ 2003ء کے اواخر میں جب ہم نے فٹ بال کی باگ ڈور سنبھالی تھی نہ صرف یہ کھیل زوال پذیر تھا بلکہ اس کا کسی بھی طرح کا ڈھانچہ موجود نہیں تھا۔ حتیٰ کہ فٹ بال فیڈریشن کا اپنا علیحدہ دفتر تک موجود نہیں تھا۔ جبکہ ہم نے ترجیحی بنیادوں پر نہ صرف فٹ بال فیڈریشن کے مرکزی سیکریٹیریٹ کے قیام کے لئے کام کیا بلکہ فٹ بال کے تکنیکی ڈھانچے کو ترتیب دینے کے لئے بے پناہ محنت کی ہے۔ ساتھ ہی ساتھ ہم نے فیفا اور اے ایف سی میں پاکستان کے تعلقات کو اس حد تک مضبوط کیا ہے کہ آج فیفا اور اے ایف سی کی مدد سے پاکستان میں صرف انفرا سٹرکچر کی مد میں 50 کروڑ روپے سے زائد کے وسائل خرچ کئے جا چکے ہیں جبکہ لگ بھگ 12کروڑ روپے مالیت کی 2 مصنوعی فٹ بال ٹرف بھی پاکستان کو الاٹ کر دی گئیں ہیں جن میں سے ایک خانیوال میں زیر تعمیر فیفا گول پراجیکٹ میں اس سال کے آخر تک بچھا دی جائے گی جس کے سلسلہ میں فیفا کے متعلقہ آفیشل کچھ عرصہ قبل خانیوال میں زیر تعمیر فیفا گول پراجیکٹ کا دورہ بھی کرچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ بھی یاد رکھا جانا چاہئے کہ ایسے وقت میں جب پاکستان بینالاقوامی کھیلوں کے ہر طرح کے ایونٹس کے انعقاد کے لئے نو گو ایریا بنا ہوا تھا ، پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے اپنی انتھک کوششوں اور مضبوط بین الاقوامی تعلقات کی بناءپرانٹرنیشنل فٹ بال کے 35 ایونٹس منقعد کروائے جس سے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت اور سافٹ امیج پھیلانے میں مدد ملی۔
پاکستان میں فٹ بال کے فروغ کےلئے بے پناہ اقدامات اٹھائے ہیں: فیصل صالح حیات
Jul 13, 2015