لاہور (آئی این پی) لاہور کے ایک نجی ہسپتال میں ڈاکٹر آپریشن کے دوران خاتون کے پیٹ میں تولیہ بھول گیا‘ مریضہ کی صحت بہتر ہونے کے بجائے مزید خراب ہو گئی۔ ڈاکٹروں نے تین ماہ بعد دوبارہ آپریشن کرکے مریضہ کے پیٹ سے تولیہ نکال دیا تاہم خاتون کی حالت اب بھی تشویشناک ہے۔تفصیلات کے مطابق تین ماہ قبل بیگم کوٹ کی رہائشی27 سالہ سعدیہ کے آپریشن کے دوران نجی ہسپتال کا ڈاکٹر تولیہ پیٹ میں ہی بھول گیا۔ بے حس ڈاکٹروں کی غفلت کے باعث مریضہ صحت یاب ہونے کے بجائے پیٹ کی تکلیف میں مبتلا ہو گئی۔ تکلیف حد سے بڑھ گئی تو اہل خانہ نے میوہسپتال لاہور کا رخ کیا جہاں مریضہ کا سی ٹی سکین کیا گیا تو جسم میں نان باڈی آرگن کا پتہ چلا جس پر ڈاکٹروں کو نہ صرف بلاتاخیر آپریشن کرنا پڑا بلکہ سوزش کے باعث کئی انتڑیاں بھی کاٹنا پڑیں۔ سعدیہ کے پیٹ سے تولیہ تو نکال دیا گیا تاہم اس کی حالت ابھی بھی تشویشناک ہے۔ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ شہر میں عطائیوں کی بھرمار ہے۔ حکومت کو انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کرنا چاہیے تاکہ مزید افراد ان کا شکار ہونے سے بچ سکیں۔