کراچی+ لاہور (نوائے وقت نیوز + نامہ نگاران) ممتاز سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کی تعزیت کے لئے ایدھی ہوم میں چوتھے روز بھی سیاسی، سماجی اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔ گورنر سٹیٹ بنک اشرف وتھرا نے فیصل ایدھی سے تعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایدھی صاحب کیلئے 16 جولائی کو سٹیٹ بنک میں مالیاتی اداروں کا تعزیتی اجلاس منعقد ہوگا۔ وزیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو اور سنیٹر حاصل بزنجو بھی فیصل ایدھی سے تعزیت کیلئے ایدھی ہوم پہنچے۔ مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ ایدھی صاحب نے اپنے عمل سے بتا دیا کہ لوگوں کی خدمت کیلئے کسی عہدے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ دیپالپور سے نامہ نگار کے مطابق بار ایسوسی ایشن کی جانب سے عبد الستارایدھی (مرحوم ) کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں سینکڑوں وکلاء نے شرکت کی اور مرحوم کی سماجی خدمات پر انہیں زبر دست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وکلاء رہنمائوں نے کہا کہ عبد الستار ایدھی مرحوم نے اپنا دست پھیلا کر قوم کے ہزاروں خاندانوں کو بھیک مانگنے سے بچایا اور پاکستان سمیت دنیاء بھر کی دکھی انسانیت کیلئے بلا امتیاز اپنی خدمات پیش کیں، انکی خدمات کو ملکی تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائیگا۔ غائبانہ نماز جنازہ میں صدر دیپالپور بار میاں ماجد حسین وٹو، میاں سجاد احمد وٹو، طارق رفیق، ملک محمد اکرم کھوکھر، عدنان سرور وٹو اور دیگر نے شرکت کی۔ بہاولپور سے نامہ نگا ر کے مطابق لاہور ہائیکورٹ بہاولپور بینچ میں عبد الستار ایدھی مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت کی گئی جس میں سینئر جج جسٹس علی اکبر قریشی، جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور ایڈیشنل رجسٹرار محمد شاہد حسین شریک ہوئے۔ اس موقع پر عدالت عالیہ کی متعلقہ تمام برانچز میں بھی مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت کی گئی۔
ایدھی ہوم میں تعزیت کیلئے آنیوالوں کا سلسلہ جاری، دیپالپور: غائبانہ نماز جنازہ
Jul 13, 2016