اصغر خان کیس :ایف آئی اے ایک ماہ میں ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ سپریم کورٹ جمع کروائیں :نثار

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیر داخلہ چودھری نثار نے ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ اصغر خان کیس سمیت تمام بڑے زیرالتواء مقدمات کی تحقیقات ایک ماہ میں مکمل کی جائے اور ابتدائی رپورٹ سپریم کورٹ جمع کرائی جائے۔ چودھری نثار کی صدارت میں اجلاس میں انہیں اسلام آباد میں اشتہاری ملزموں کے خلاف جاری بریفنگ میں بتایا گیا پولیس، ایف آئی اے اور انسداد منشیات فورس نے اشتہاری مجرموں کے خلاف جاری مہم کے پہلے روز میں 1800اشتہاریوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ 769اشتہاریوں کے شناختی کارڈ اور 1193پاسپورٹ ہلاک کئے گئے ہیں، 581بینک اکائونٹس اور 826زیراستعمال موبائل کی نشاندہی کی گئی ہے۔ وزیر داخلہ نے ایف آئی اے، پولیس اور انسداد منشیات فورس کو ہدایت کی ہے کہ وہ اشتہاری ملزموں کے خلاف کارروائی تیز کریں جبکہ جولائی کے آخر تک ان کے حوالہ سے پالیسی وضع کی جائے۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ سنگین جرائم بشمول قتل، اغوا برائے تاوان، دہشت گردی، منشیات و انسانی سمگلنگ اور گاڑی چوری و چھینے جانے میں ملوث اشتہاری ملزموں کی گرفتاری پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے۔ وزیر داخلہ کو بتایا گیا کہ نادرا کے تعاون سے اشتہاری ملزموں کا مرکزی ڈیٹا بینک قائم کیا جا رہا ہے جو تمام قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔ آئی جی اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ ایک خصوصی سافٹ ویئر بنایا جا رہا ہے جس میں ان اشتہاری ملزموں کی مکمل تفصیلات اور ان کے خلاف جرائم کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں گی تاکہ قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کو انہیں گرفتار کرنے میں مدد مل سکے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے زیرو ٹالرنس ہونی چاہئے۔ انہوں نے آئی جی پولیس کو ہدیت کی کہ وہ جرائم پیشہ افراد کے قومی شناختی کارڈ اور پتے سمیت تمام تفصیلات کے ساتھ ایف آئی آر کا اندراج یقینی بنائیں۔ انہوں نے سیکرٹری داخلہ کو ہدایت کی کہ وہ صوبائی چیف سیکرٹریوں کے ساتھ تمام صوبوں میں اراضی اور جائیداد کی ڈیجیٹلائزیشن کو تیز کرنے کیلئے رابطہ کریں اس سے قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کو جرائم پیشہ افراد تک پہنچنے میں مدد ملے گی۔ ایف آئی اے کے حکام نے وزیر داخلہ کو وائٹ کالر جرائم اور مختلف بڑے کرپشن کیسوں پر ہونے والی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر داخلہ کی ہدایت کی روشنی میں ایگزیکٹ کیس اور اے کے ڈی ایم ٹیکس سکینڈل، ٹی ڈی اے پی، ای او بی آئی، ای ٹی پی بی اور پی ایس او سمیت کئی مقدمات کے چالان مکمل کرکے عدالت کے سامنے پیش کر دیئے گئے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کے ڈی اے میں چائنہ کٹنگ کیس کی کامیاب تحقیقات کی تکمیل پر ایف آئی اے کو مبارکباد دی۔ وزیر داخلہ کو بتایا گیا کہ نیب کے تعاون سے ایف آئی اے نے رضاکارانہ بنیادوں پر دو ملوث افراد سے 75 لاکھ روپے وصول کئے ہیں۔ اصغر خان کیس کے حوالہ سے وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ سپریم کورٹ پاکستان میں نظرثانی پٹیشن کی وجہ سے کچھ معاملات زیر التواء ہیں۔ وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کو ہدایت کی کہ وہ ایک ماہ میں تمام بڑے مقدمات کی زیر التواء تحقیقات مکمل کریں، اگر ضرورت پڑے تو اس کیلئے خصوصی پراسیکیوٹر کی خدمات حاصل کی جائیں۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے ہواوے کے تعاون سے اسلام آباد پولیس کیلئے تیار کی گئی سمارٹ پولیس کار کا بھی معائنہ کیا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...