لارڈزٹیسٹ کی تیاریاں عروج پر حکمت عملی تیار ریٹائرمنٹ کا فیصلہ نہیں کیا:مصباح الحق

لاہور (نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر )ٹیم مینجمنٹ نے دورہ انگلینڈ میں شائقین کی جانب سے عامر کے خلاف جارحانہ رویے سے نمٹنے کی حکمت عملی بنالی۔انگلش میڈیا بھی کھل کر محمد عامر کے خلاف خبریں چلانے لگا۔ٹیسٹ میچ سے پہلے ہی شاہینوں کا امتحان شروع ہوگیا ہے۔ انگلش میڈیا نے توپوں کا رخ عامر کی طرف کردیا ہے۔ ادھر کپتان مصباح الحق نے پریشر سے نکلنے کی حکمت عملی بنالی ہے۔ٹیم انتظامیہ نے محمد عامر کو پچ کے قریب رکھنے کا فیصلہ کیاہے۔پاکستانی کھلاڑیوں کو میڈیا سے دور رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو ٹریننگ سیشن میں شائقین سے نمٹنے کے لئیخصوصی لیکچر کا اہتمام بھی کرلیاگیا ہے۔ پاکستان ٹیم نے لارڈز کے میدان میں انگلینڈ کو مشکلات میں ڈالنے کیلئے کمر کس لی، مصباح الیون کی پہلے ٹیسٹ کیلئے تیاریاں عروج پر ہیں۔پاکستان ٹیم انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ قومی کھلاڑی لارڈز کے میدان میں خوب پریکٹس کر رہے ہیں۔ دو ٹور میچوں کے بعد کپتان مصباح الحق اور کوچ مکی آرتھر نے جیت کی حکمت عملی بنا لی۔محمد عامر، وہاب ریاض اور یاسر شاہ باؤلنگ میں اہم ہتھیار ہوں گے۔ بیٹنگ کا محاذ یونس خان، اظہر علی، مصباح الحق اور اسد شفیق سنبھالیں گے۔بیٹنگ سیشن میں بلے بازوں کو مکی اور فلاور سمجھاتے رہے۔ کھلاڑیوں کو فیلڈنگ پریکٹس میں سلپ کیچز کی خصوصی ٹریننگ بھی دی گئی۔ انگلش ٹیم بھی لارڈز کے میدان میں خود کو گرم کر رہی ہے۔ کک الیون نے محمد عامر کو ناکام بنانے کیلئے سر جوڑ لئے ہیں۔پاکستان اور انگلینڈ کا پہلا ٹیسٹ 14جولائی سے لارڈز میں شروع ہو رہا ہے۔مصباح الحق نے ٹیم کے مورال پر کہا کہ ہماری ساری توجہ اپنی تیاری اور سیریز پر ہے اور اس بات پر ہے کہ ہم نے میدان میں کیا کرنا ہے نہ کہ اس بات پر کہ پریس کیا کہہ رہی ہے۔انگلینڈ کی ٹیم میں سارے کھلاڑیوں پر ہماری توجہ ہے مگر ایلسٹرکْک، جو روٹ اور جونی بیرسٹو بیٹنگ میں اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ براڈ اچھی بائولنگ کروا رہے ہیں۔ایک سوال پر بتایا کہ ن کا بیٹا کرکٹ میں دلچسپی رکھتا ہے۔مصباح جو حال ہی میں عمرہ کر کے آئے ہیں اور اْن کی داڑھی پر بہت سارے کمنٹس موصول ہوئے جس پر مصباح نے بتایا کہ انسان میں تبدیلی تو آتی رہتی ہے مگر اْن کی زندگی نارمل ہے۔محمد عامر کے بارے میں انھوں نے بتایا کہ عامر پر کوئی دباؤ نہیں ہے ابھی تک ایسا کچھ نہیں ہے کیونکہ وہ اچھی کارکردگی دکھا رہا ہے۔سمیع اسلم کے حوالے سے بتایا کہ سکواڈ میں شامل کوئی بھی کھلاڑی کھیل سکتا ہے۔ریٹائرمنٹ کے حوالے سے انھوں نے بتایا کہ دیکھتے ہیں اب تک کچھ بھی حتمی نہیں ہے۔ریٹائرمنٹ کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا ‘وقت آنے پر سب کو علم ہو جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن