آئی سی سی ون ڈے رینکنگ‘ پاکستان 95 پوائنٹس کے ساتھ چھٹی پوزیشن پرفائز

کراچی (اسپورٹس ڈیسک) زمبابوے سے سیریز ہارنے پر آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں سری لنکا کے 5 پوائنٹس کٹ گئے۔ جس کے باعث اس کی ورلڈ کپ 2019 میں براہ راست رسائی خطرے میں پڑگئی۔ سری لنکن ٹائیگرز کو بھارت سے ہوم سیریز میں کم از کم 2 میچز جیتنا ہوں گے۔زمبابوے کی سری لنکا کے خلاف 2-3 سے فتح اور بھارت کی ویسٹ انڈیز سے 1-3 کی جیت کے بعد آئی سی سی نے تازہ ون ڈے رینکنگ جاری کردی۔ سری لنکن ٹائیگرز کے 5 جبکہ فتح کے باوجود بھارت کے 2 پوائنٹ کم ہوگئے۔ زمبابوے نے 6 پوائنٹس حاصل کئے۔ جنوبی افریقا 119 پوائنٹس کے ساتھ بدستور نمبر ون ہے۔ پاکستان 95 پوائنٹس کے ساتھ چھٹی پوزیشن پرفائز ہے۔ بنگلہ دیش 94 پوائنٹ کی ساتویں پوزیشن ہے۔ سری لنکا 88 اور ویسٹ انڈیز 78 پوائنٹس لے کر آٹھویں اور نویں نمبر پر ہیں۔ سری لنکا نے اگست میں بھارت کے خلاف ہوم سیریز میں کم از کم 2 میچز جیت لئے تو وہ ورلڈ کپ 2019 کے لئے کوالیفائی کرلے گا۔بھارت کی 1-4 یا کلین سوئپ فتح پر ویسٹ انڈیز کے لئے انگلینڈ سے سیریز میں چانس برقرار رہے گا۔ ون ڈے بیٹنگ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی اور بائولنگ میں آسٹریلیا کے ہیزل ووڈ ٹاپ پوزیشن پرفائز ہیں۔ پاکستان کے بابراعظم بیٹنگ میں نمبر 5 پر ہیں جبکہ فاسٹ بائولر حسن علی ایک درجہ ترقی کے بعد بائولنگ میں نمبر 6 پوزیشن پرفائز ہوگئے۔

ای پیپر دی نیشن