راجن پور: کچے کے علاقے میں آپریشن‘ ایس ایچ او‘2 شہری جاں بحق

Jul 13, 2017

راجن پور (نمائندگان+ نوائے وقت رپورٹ) راجن پور کے علاقے روجھان کچہ مندری میں آپریشن کے دوران ڈاکوئوں کی فائرنگ سے ایس ایچ او اور 2 شہری جاں بحق 3 پولیس اہلکاروں سمیت 7 زخمی ہو گئے۔ بتایا گیا کہ کچے کے دریائی علاقے میں گزشتہ روز بارشوں کے باعث کوہ سلیمان سے اتر کر آنیوالے عمرانی گروپ، سکھانی لونڈ اور پٹ گروپ کے ڈاکوئوں نے کشتیوں میں سوار لوگوں سے لوٹ مار شروع کر دی جبکہ مقامی لوگوں کو بھی بھتے کی وصولی کیلئے ہراساں کرنے لگے۔ اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری وہاں پہنچی تو ڈاکوئوں نے فائرنگ کر دی جس سے مقامی رہائشی ریاض اور مہر حسین اور ایس ایچ او گوٹھ مزاری سجاد رمدانی جاں بحق جبکہ 3 پولیس اہلکار اور 4 شہری بھی شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں 12 سالہ بچی بھی شامل ہے جنہیں نزدیکی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا جبکہ ڈاکوئوں کی سرکوبی کیلئے رینجرز نے مورچے سنبھال لئے۔ جہان پور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ڈی پی او راجن پور کی قیادت میں رات گئے تک آپریشن جاری اور 2 ڈاکوؤں کے مارے جانے کی اطلاعات تھیں۔

مزیدخبریں