وزیراعلیٰ سندھ نے 2 روز قبل ہی رینجرز اختیارات میں90 روزہ توسیع کی منظوری دیدی

کراچی (صباح نیوز+نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبائی وزیر داخلہ کی جانب سے کراچی میں رینجرز کے اختیارات میں 90دن کی توسیع کردی ہے۔ مراد علی شاہ نے رینجرز اختیارات ختم ہونے سے 2 دن قبل ہی منظوری دیدی۔ گزشتہ روز صوبائی وزیر داخلہ کی جانب سے شہر میں رینجرز کے اختیارات میں توسیع کی سمری وزیراعلی سندھ کو ارسال کی تھی۔ جس میں دہشت گردی ایکٹ کی شق چار کے ایکٹ1997ء کے تحت اختیارات دیئے جانے اور پرسوں سے بارہ اکتوبر تک خصوصی اختیارات دیئے جانے کا کہا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ سندھ نے توسیع کیلئے وزیراعلیٰ کو سمری بھیج دی تھی۔ منظوری کا حتمی نوٹیفکیشن وفاقی وزارت داخلہ جاری کرے گی۔ واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت رینجرز کو کراچی ڈویژن میں دہشت گردوں، ٹارگٹ کلرز اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کیلئے ہر 3ماہ بعد اختیارات میں توسیع کی جاتی ہے۔

ای پیپر دی نیشن