واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) امریکی کانگرس میں ڈیموکریٹک ارکان نے صدر ٹرمپ کیخلاف مواخذے کی تحریک جمع کرا دی۔ ارکان کا موقف ہے کہ ٹرمپ نے ڈائریکٹر ایف بی آئی کو نکال کر انصاف میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی۔ ٹرمپ جونیئر کی ای میل ٹریل سے ثابت ہوا کہ امریکی صدر کا روس سے رابطہ تھا۔ حالات و واقعات سے ثابت ہوا کہ ٹرمپ کچھ چھپا رہے ہیں۔ ادھر تنقید کرنے والوں کے ٹویٹر اکائونٹ بلاک کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ امریکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق یہ مقدمہ انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے کام کرنے والے ادارے نائٹ ایمنڈمنٹ فرسٹ انسٹی ٹیوٹ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے 7 صارفین کی شکایت پر درج کراتے ہوئے موقف اختیار کیا امریکی صدر نے ان افراد کے اکائونٹ بلاک کر کے امریکی آئین میں پہلی ترمیم کے ذریعے شہریوں کو دیئے گئے آزادی اظہار کے حق کی خلاف ورزی کی ہے اور اسے مخالفت میں اٹھنے والی آواز کو بزور طاقت دبانے کے مترادف قرار دیا ہے۔