ریمنڈ ڈیوس کی کتاب کی طرح جے آئی ٹی رپورٹ بھی ہر ہاتھ پہنچ گئی

اسلام آباد (سہیل عبدالناصر) چند روز پہلے امریکہ کے جاسوس کنٹریکٹر ریمنڈ ڈیوس کی کتاب منظر عام پر آتے ہی پراسرار ہاتھوں نے چند گھنٹوں کے اندر پوری کتاب کو پی ڈی ایف شکل میں واٹس ایپ اور سوشل میڈیا پر پھیلا دیا۔ دو روز پہلے ہو بہو اسی انداز میں شریف خاندان کے خلاف جے آئی ٹی رپورٹ ہر ہاتھ میں پہنچا دی گئی۔ واضح رہے کہ ریمنڈ دیوس کی کتاب میں سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹننٹ جنرل احمد شجاع پاشا کا خصوصی ذکر تھا اور کتاب کے مندرجات سے باور کیا جاتا تھا کہ اسے پھیلانے کے پیچھے فوجی اسٹیبلشمنٹ کی سبکی مقصود تھی۔ اب وٹس ایپ اور دیگر ایپس کے ذریعہ جے آئی ٹی رپورٹ کی اشاعت عام ”ادلے کا بدلہ “ لگ رہی ہے جس سے صاف واضح ہے کہ جاری سیاسی لڑائی کی جہت پورے طور انٹرنیٹ تک پھیل چکی ہے۔ وٹس ایپ پر جاری اس لڑائی کے فریق ابھی تک نہ تو کھل کر سامنے آئے ہیں اور نہ ہی سامنے آنے کا ارادہ رکھتے ہیں لیکن بہرحال پیغامات وصول کرنے والوں کو ارسال کنندہ کا بخوبی علم ہوتا ہے۔ آئندہ دنوں میں اگر سیاسی ماحول کی حدت کم نہ ہوئی تو اس نوعیت کے مزید جواب الجواب دیکھنے میں آ سکتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن