کراچی(اسپورٹس رپورٹر) پی ایچ ایف نے سندھ کی نگراں حکومت کی جانب سے عبدالستار ہاکی کلب اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش اور سالانہ گرانٹ روکے جانے پر انتقامی کاروائی شروع کر دی۔ سندھ کے کھلاڑیوں کی ہر سطح پر حوصلہ شکنی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق فیڈریشن نے انڈونیشای کے شہر جکارتہ میں شیڈول ایشین گیمز کے لیے جن 27کھلاڑیوں کو قومی کیمپ میں طلب کیا ہے اس میں سندھ کا ایک کھلاڑی شامل نہیں۔ حیدر آباد کے واحد باصلاحیت کھلاڑی خضر اختر کونظر انداز کردیا گیا۔ قبل ازیں فیڈریشن کے ارباب اختیار نے نے سابق وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے خضر اخترکے نام پر ہی اندورون سندھ سے باصلاحیت کھلاڑی کو قومی ٹیم کا حصہ بنانے کی یقین دہانی کراکر 10کروڑ روپے کی سالانہ گرانٹ اور عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کی منظوری کروائی تھی۔سابقہ حکومت نے فوری طورپر35لاکھ روپے ادا کرنے کے ساتھ بعد میں 10 کروڑ روپے کی پہلی گرانٹ بھی جاری کردی تھی تاہم اب سندھ کی نگراں حکومت نے عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کوانتہائی بوسیدہ قرار دیکر اس کی تزئین و آرائش کے لیے پی سی ون کو روکنے کی ہدایت کی ہے۔کمیٹی کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ عبدالستار ایدھی کے نام سے منسوب ہاکی کلب آف پاکستان اسٹیڈیم کو منہدم کرکیدوبارہ بنانے کی ضرورت ہے جبکہ اس کی تزئین آرائش پر رقم خرچ کرنا وقت اور پیسہ ضائع کرنے کے مترادف ہوگا۔ دوسری طرف سابقہ حکومت کی جانب سے فیڈریشن کے لیے منظور کردہ سالانہ گرانٹ کو غیر قانونی قرار دیکر اسے بھی ختم کرکے اب تک دی جانی والی گرانٹ کو بھی واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت کسی بھی فیڈریشن کو گرانٹ نہیں دے سکتی۔وہ صرف صوبے میں کام کرنے والی کھیلوں سے وابستہ ایسوسی ایشنز کو گرانٹ دینے کی مجاز ہے۔ہاکی حلقوں کا کہنا ہے کہ ایشیاکپ،کامن ویلتھ گیمز کے لیے اسٹینڈ بائی، چیمپیئنز ٹرافی کے لیے کیمپ میں شامل اورچارملکی ہاکی ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم کا حصہ رہنے والے خضر کو سیاست اور لالچ کی نظر کرنا میرٹ کا قتل اور قومی کھیل کی تابوت میں آخری کیل ٹھوکنے کے برابر ہوگا۔14جولائی سے عبدالستار ایدھی ہاکی کلب میں ایشین گیمز کے لیے لگنے واکے کیمپ میں شامل ہونا خضر کا حق ہے ،پی ایچ ایف پیسوں کی خاطر ایس حرکتوں پر اتر آئی ہے۔سابق اولمپیئنز کا کہنا ہے کہ کراچی میں متوازی ایسو سی ایشن بنانے کا مقصد بھی یہ ہی ہے کہ کوئی فیڈریشن کی من مانیوں پر آواز نہ اٹھائے جبکہ سندھ اولمپک ایسو سی ایشن سے الحاق نہ رکھنے والی من پسند صوبائی ہاکی ایسوسی ایشن کے عہدیداروں میں اتنی جرئت نہیں کہ وہ فیڈریشن کے سامنے لب کشائی کرسکیں۔
ہاکی فیڈریشن
پی ایچ ایف کی انتقامی کاروائی،حیدر آباد کے باصلاحیت کھلاڑی خضر اختر نظر انداز
Jul 13, 2018