واشنگٹن(اے این این) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے افغان پالیسی پرپاکستان کی حمایت حاصل کرنے کیلئے پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کو اہم ذمہ داری دے دی گئی ہے تا کہ وہ جنوبی ایشیا میں امریکا کی حکمت عملی کے نفاذ کویقینی بنا سکیں۔وائٹ ہائوس کی جانب سے گزشتہ روز جاری کردہ بیان میں اس بات کا اعلان کیا گیا کہ ڈیوڈ ہیل کو امریکی وزیر خارجہ کے ماتحت سیکریٹری برائے سیاسی امور نامزد کردیا گیا ہے۔ان کا یہ عہدہ امریکی دفتر خارجہ میں سیکریٹری خارجہ اور نائب سیکریٹری خارجہ کے بعد تیسری حیثیت کا حامل سمجھا جائے گا، جبکہ سفارتکاروں میں ان کی حیثیت سب سے اعلی ہوگی۔خیال رہے کہ ڈیوڈ ہیل 2015 سے پاکستان میں بطور امریکی سفیر تعینات ہیں۔ اور امریکہ کے سیاسی حلقوں میں ایسے سفارتکار کے طور پر معروف ہیں جو پاکستان بھارت تعلقات کی بہتری کے پرزور حامی ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان بھارت تعلقات صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی گزشتہ برس اگست میں پیش کی گئی پالیسی برائے جنوبی ایشیا کا اہم نکتہ ہے۔امریکی حکومت چاہتی ہے کہ پاکستان اور بھارت, افغانستان میں ایسی صورتحال تشکیل دینے میں معاونت کریں کہ امریکہ بآسانی اپنی افواج افغانستان سے واپس بلا سکے اور اس کے بعد امریکی حمایت یافتہ افغان حکومت کے گرنے کاخدشہ نہ ہو۔
امریکی سفیر