الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ کالعدم این اے125 میں دھاندلی نہیں ہوئی : سپریم کورٹ سعد رفیق کی اپیل منظور

Jul 13, 2018

اسلام آباد(وقا ئع نگار‘اے این این‘ این این آئی خصوصی)سپریم کورٹ نے سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کی اپیل منظور کرتے ہوئے این اے 125 میں الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔ سپریم کورٹ کے جسٹس عظمت سعید شیخ کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے خواجہ سعد رفیق کی اپیل پر فیصلہ سنا دیا۔جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے اس کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کہا این اے 125 میں انتخابی دھاندلی ثابت نہیں ہوئی۔ سابق وفاقی وزیر نے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ الیکشن ٹربیونل نے این اے 125 میں خواجہ سعد کی کامیابی کو کالعدم قرار دے کر دوبارہ انتخاب کرانے کا حکم دیا تھا۔ 2 رکنی بنچ نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا۔ الیکشن ٹربیونل نے 2015 میں حامد خان کی انتخابی عذرداری پر این اے 125 میں دوبارہ انتخاب کرانے کا حکم دیا تھا۔عذر داری میں الزام لگایا گیا کہ این اے 125 میں دھاندلی اور بڑے پیمانے پر بے ضابطگیاں ہوئیں، اس لیے انتخابی نتائج کو کالعدم قرار دیاجائے۔ خواجہ سعد رفیق نے اس فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔سابق وفاقی وزیر کی اپیل پر اس وقت کے چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں بنچ نے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے پر عملدرآمد روک دیا تھا۔ سپریم کورٹ نے خواجہ سعد کی اپیل پر 19 مارچ کو کارروائی مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا جوگزشتہ روز دو رکنی بنچ نے سنا دیا۔واضح رہے کہ 2013 کے عام انتخابات میں این اے 125 سے مسلم لیگ(ن)کے خواجہ سعد رفیق کامیاب ہوئے تھے تاہم الیکشن کے نتائج کو پاکستان تحریک انصاف کے حامد خان نے الیکشن ٹریبونل میں چیلنج کردیا تھا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں الیکشن ٹربیونل کا دوبارہ انتخابات کرانے کا فیصلہ بھی کالعدم قرار دے دیا۔ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ الحمد للہ این اے 125 نام نہاد دھاندلی کیس میں انصاف بالآخر مل ہی گیاجس پر فاضل عدالتی بنچ کا شکریہ ادا کرتاہوں ۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ عمران کے دھرنے ،جھوٹ کو بنیاد بنا کر ملکی حالات خراب کرنے کی سازش تھی ،ثابت ہو گیا کہ نام نہاد انتخابی دھاندلی کے خلاف عمران کا احتجاج گمراہ کن اور بے بنیاد پروپیگنڈا تھا ۔ انہوںنے کہا کیا عمران اور ان کا ٹولہ گمراہی پھیلانے اور قیمتی وقت ضائع کرنے پر قوم سے معافی مانگے گا؟۔
میڈ یا سے گفتگو کر تے ہو ئے انہوں نے کہا لا ہور میں نواز شریف کے استقبا ل کو سبوتاژ کر نے کیلئے پورے شہر میں پکڑ دھکڑ جاری ہے اب تک 100 سے زائد کارکن گرفتار کر لیے گئے ہیں،حکومت کو سمجھنا چاہیے ہمارا قانون کو ہاتھ میں لینے کا کوئی ارادہ نہیں۔

سعد رفیق کیس

مزیدخبریں