فوجی عدالت کا فیصلہ معطل، پشاور ہائیکورٹ نے مجرم کو پھانسی روک دی

پشاور (بیورو رپورٹ) پشاور ہائی کورٹ نے فوجی عدالت سے سزا پانے والے مجرم جنت کریم کی سزائے موت پر عمل درآمد روکنے کے احکامات جاری کردیئے۔ جمعرات کے روز پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس قلندر علی خان اور جسٹس ارشاد علی خان پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے مجرم کے اہل خانہ کی جانب سے دائر درخواست پر فوجی عدالت کے فیصلے کو معطل کیا۔ واضح رہے کہ مجرم کے اہل خانہ کی جانب سے سزا کے فیصلے کو پشاور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔ فوجی عدالت کی جانب سے مجرم جنت کریم کو پارا چنار میں امام بارگاہ پر حملہ کرنے کے کیس میں سزا سنائی تھی جبکہ آرمی چیف کی جانب سے اس کی توثیق کی گئی تھی۔ تاہم گزشتہ روز عدالت عالیہ میں سماعت کے دوران مجرم کے اہل خانہ کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل شبیر حسین گیگیانی ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ مجرم 2011 سے قبل لاپتہ ہوگیا تھا جبکہ 2011 میں مجرم کے اہل خانہ کی جانب سے پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ 2011 میں خفیہ اداروں کی جانب سے لاپتہ افراد سے متعلق فہرست جمع کرائی گئی تھی جس میں جنت کریم کا نام تھا اور یہ بھی بتایا گیا تھا کہ اسے ایک سینٹر میں رکھا گیا۔ دوران سماعت وکیل شبیر حسین نے موقف اپنایا کہ 2011 میں حراست میں ہونے کے باعث ایک شخص کیسے جرم کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجرم جنت حیات کی سزا کے بارے میں اخبارات سے معلوم ہوا جبکہ ان پر جو الزام لگایا گیا ہے اس کی تاریخ کے بارے میں بھی آگاہ نہیں کیا گیا۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ فوجی عدالت 2015 میں قائم ہوئی اور فوجی ایکٹ کے تحت وہ پرانی تاریخوں کے مقدمات نہیں سن سکتی۔ بعد ازاں عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد مجرم کی سزائے موت پر عمل درآمد روکنے کا حکم دیتے ہوئے وفاقی حکومت اور محکمہ داخلہ کو نوٹسز جاری کردیے۔خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے پشاور ہائی کورٹ نے سماعت کے دوران فوجی عدالت سے سزائے موت پانے والے ملزم شاکر اللہ، جو ان کے اہل خانہ کے مطابق 2010 سے دیر کے علاقے سے لاپتہ تھے، کی سزا پر عمل در آمد سے روک دیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن