ساہیوال+ ہڑپہ ( نمائندہ نوائے وقت+نامہ نگار) آل پاکستان مسلم لیگ (پرویزمشرف) گروپ کے چیئرمین و این اے 148کے امیدوار ڈاکٹر محمد امجد چوہدری نے کہا ہے کہ پرویزمشرف نے نہ توکوئی کرپشن کی نہ ہی آج تک ثابت ہوئی ہے جبکہ نوازشریف نے کرپشن بھی کی ہے اور ثابت بھی ہوچکی۔ نوازشریف کی بیرون ممالک جائیدادیں ہیں۔ اسحاق ڈار کے دبئی میں ٹاور ہیں اور آصف علی زرداری کے سوئٹزرلینڈ میں بنک اکائونٹ کرپشن کا نتیجہ ہے۔ پرویزمشرف نے اپنے دور حکومت میں ملکی ترقی کے لئے بیشمار اقدامات کئے۔ روپے کی قدر اور قیمتوں میں استحکام رکھا اور ملکی قرضوں میں کمی کی۔ ساہیوال پریس کلب میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پرویزمشرف کے دور میں ڈالر60روپے رہا اور اب ڈالر کی قیمت 123روپے ہے۔ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) دونوں حکومتوں نے 55بلین روپے ملک کے قرضوں میں اضافہ کیا اور اگلی نسلوں پر قرضوں کا بوجھ بڑھایا۔ مشرف دور میں زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا۔ آل پاکستان مسلم لیگ ہی ملک کی تقدیر بدل سکتی ہے 2018ء کا الیکشن جیت کر ہڑپہ کو خوبصورت بنا دیں گے۔