خطاطی کی سہ روزہ نمائش اورکتاب ’’ن والقلم‘‘ کی تقریبِ رونمائی

Jul 13, 2018

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) ادارہ فروغ قومی زبان، شعبہ خطاطی،قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کے زیر اہتمام خطاطی کی سہ روزہ نمائش کا افتتاح اور قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن اور نیشنل بک فائونڈیشن کے زیر اہتمام شائع ہونے والی خطاطی کی منفرد کتاب’’ن والقلم‘‘ کی تقریبِ رونمائی منعقد ہوئی، مہمانان اعزاز وفاقی سیکریٹری کابینہ ڈویژن سید ابو احمد عاکف اور وفاقی سیکریٹری قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن انجینئر عامر حسن تھے۔ تقریب میں ادارہ فروغ قومی زبان کے ڈائریکٹر جنرل افتخار عارف،این بی ایف کے منیجنگ ڈائریکٹرڈاکٹر انعام الحق جاوید اورممتازخطاط استاد خالد یوسفی نے اظہار خیال کیا۔ استقبالیہ کلمات میں افتخار عارف نے کہا کہ ڈویژن اور این بی ایف کے زیر اہتمام شائع ہونے والی کتاب ’’ن والقلم‘‘ مین حالیہ قومی خطاطی نمائش میں پیش کیے جانے والے فن پاروں کو خوبصورتی سے محفوظ کر دیا گیا ہے۔ امید ہے کہ یہ کتاب خطاطی کے فن اور رواج اور ترقی میں معاون ثابت ہوگی۔مہمان اعزاز وفاقی سیکریٹری کابینہ ڈویژن ابو احمد عاکف نے کہا کہ بلاشبہ ہم خطاطی کے حوالے سے دنیا کے ایک عظیم ورثے کے امین ہیں۔دوسرے مہمان اعزاز وفاقی سیکریٹری قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن انجینئر عامر حسن نے کہا کہ دنیائے فنون لطیفہ میں فن خطاطی ایک ارتقاء پذیر اور زندہ فن کی حیثیت رکھتا ہے۔انھوں نے کہا کہ اردو زبان کی ترویج کے ساتھ ساتھ ایران اور پاکستان کے خطاطوں نے خط نستعلیق کو درجہ ٔ کمال تک پہنچا دیا ہے۔اس موقع پر ڈویژن کے جائنٹ سیکریٹری سید جنید اخلاق بھی موجود تھے ۔ نظامت ڈاکٹر حمیرا شہباز نے کی۔

مزیدخبریں