نظریاتی سمر سکول میں بچوں کیلئے فری آئی کیمپ لگایا گیا

Jul 13, 2018

لاہور (خصوصی رپورٹر) نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے زیراہتمام طلباء کی نظریاتی‘ تعلیمی و اخلاقی استعدادِکار میں اضافہ کی غرض سے ایوان کارکنان تحریک پاکستان، شاہراہ قائداعظم لاہورمیں جاری نظریاتی سمر سکول کے18ویں سالانہ تعلیمی سیشن کے 19ویں روز طلباوطالبات کی آنکھوں کے معائنہ کیلئے فری آئی کیمپ لگایا گیا۔ المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے تعاون سے لگائے گئے اس کیمپ کے دوران کمپیوٹر کے ذریعے بچوں کی آنکھوں کا معائنہ کیا گیا اور کمزو ربینائی والے بچوں کو مفت عینکیں فراہم کی گئیں۔ اس موقع پر المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے ماہر امراض چشم ڈاکٹر ارسلان مغل نے کہا کہ آنکھیں اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہیں ۔آج کل بچوں میں بینائی کی کمزوری، ککرے، سفید موتیا اور بھینگا پن کے امراض عام ہیں۔ بچوں کی آنکھوں کے امراض کا علاج دس سال کی عمر تک لازمی ہونا چاہئے۔ بروقت علاج نہ ہونے سے بچے ساری عمر کیلئے اندھے پن کا شکار بھی ہو سکتے ہیں۔ آنکھوں کے امراض کی وجہ سے بچے تعلیمی میدان میں ناکام ہو جاتے ہیں، ان کی شخصیت کی تعمیر بھی نہیں ہو پاتی جبکہ مستقبل میں بینائی کی کمزوری ملازمت میں بھی رکاوٹ بن سکتی ہے۔ والدین کا فرض ہے کہ سال میں ایک مرتبہ بچوں کی آنکھوں کا ضرور معائنہ کروائیں۔

مزیدخبریں