معاشرے کا نظم و نسق حقوق العباد کی مرہون منت ہے: ناصرہ جاوید

Jul 13, 2018

لاہور (کلچرل رپورٹر)اپنی زبان وثقافت سے اپنائیت ملت کی یکجہتی کی ضامن ہے۔ معاشرے میں نظم و نسق کا قیام حقوق العباد کی ادائیگی کے مرہون منت ہے، سماجی اصلاح کی راہ میں خوشگواریت پیدا کرنے میں گوشئہ گیان جیسی نشستیں اہم کردار ادا کرتی ہے، سچائی ہر شخص کے ضمیر کا لازمی حصہ ہونا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار جسٹس(ر) ناصرہ جاوید اقبال نے لاہورآرٹس کونسل الحمراء کے زیراہتمام منعقدہ ہونے والی گوشئہ گیان کی بارہویں نشست میں کیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ لاہورآرٹس کونسل ایک معتبر ادارے کے حیثیت سے پاکستانی زبان و ثقافت کی آبیاری کر رہا ہے، اس سرزمین کی تاریخ، تہذیب و تمدن کے لئے بارے میں اس پلیٹ فارم پر بہت کام ہورہا، یہاں پر ہونی والی علمی و تخلیقی کاوشوں کو دیکھ کر بے حد خوشی محسوس کرتی ہوں۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہورآرٹس کونسل الحمراء کیپٹن(ر) عطاء محمد خان نے تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ انسانی احساسات و جذبات کی مثبت تکمیل میں اقبال کا پیغام ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ ہماری زبان وثقافت کے دامن میں اتنی وسعت ہے کہ ہم اپنے خیالات کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کر سکیں۔ انھوں نے ڈاکٹر جسٹس (ر)ناصرہ جاویداقبال کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے انھیں ملک و ملت کا اثاثہ قرار دیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن آفتاب احمدا نصاری نے اس موقع پر کہا کہ ڈاکٹر ناصرہ جاویداقبال نے اپنی زندگی کے ترتیب شدہ افکار جس طرح پیش کئے ہیں ان سے استفادہ کرنا ہماری خوشی قسمتی کا باعث ہوگا۔

مزیدخبریں