لاہور(خصوصی رپورٹر)مسلم لیگ(ن)لاہور کے صدر ورکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک اور جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نے کہا ہے کہ قائم مقام حکمران اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں کارکنوں کی گرفتاری کو نہ رو کا گیا تو حالات کی ذمہ داری نگرانوں پر ہوگی، الیکشن کمیشن پری پول رگنگ کو روکے۔ عوام کا جم غفیر ترقی مخالف انتشار اور شرپسند سیاستدانوں کو ہمیشہ کیلئے دفن کردیگا، گذشتہ روز اپنے انتخابی حلقوں میں الیکشن مہم کے دوران پارٹی قائد میاں نواز شریف کے استقبال کی تیاریوں کے سلسلہ کارکنوں سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر عمران گورایا، عامر خان، سمیرا امجد، طیب ورک بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی کارکردگی سب کیلئے رول ماڈل ہے، تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے انقلابی اصلاحات کے پروگرام پر محنت سے کام کیا گیا ہے اور آج پنجاب ان شعبوں میں سب سے آگے ہے جبکہ خیبر پی کے اور سندھ میں عوام کو بری طرح نظرانداز کیا گیا ہے، زرداری اور نیازی دونوں نے اپنے صوبوں کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیا ہے۔ اصول کی سیاست کے دعویدار سیاستدانوں نے وصولی کرکے بے اصولی کا نیا ریکارڈ بنایا ہے۔
گرفتاریوں کا سلسلہ نہ رکا تو ذمہ دار نگران حکمران ہونگے: پرویز ملک، عمران نذیر
Jul 13, 2018