سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی آمد سے قبل لاہور اور اسلام آباد میں سیکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے ہیں جب کہ لاہور میں میٹرو بس سروس معطل ہے اور شہر کےمختلف مقامات پر موبائل فون سروس بھی جزوی طور پرمعطل ہوگئی ہے۔سابق وزیراعظم میاں نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے بعد وطنی واپسی کےموقع پر لاہور میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جس کے تحت بیشتر مقامات کو کنٹینر لگا کربند کردیا ہے جب کہ پولیس کی جانب سے (ن) لیگ کے کارکنان کے خلاف بھی کریک ڈاؤن جاری ہے۔لاہور کی مختلف شاہراہوں پر بڑی تعداد میں کنٹینرز رکھ دیے گئے جب کہ شہر بھر میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔