گھوٹکی، نوشہرہ (صباح نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) سندھ کے ضلع گھوٹکی کی نہر مسو میں تیز رفتار موٹرسائیکل بے قابو ہوکر گر گئی جس پر سوار میاں بیوی بہن اور دو بچوں کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جبکہ نوشہرہ کے دریا سندھ میں نہاتے ہوئے چچا، دو بھتیجوں سمیت 4 افراد ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق ضلع گھوٹکی کی نہر مسو میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد ڈوب گئے، مقامی انتظامیہ کی جانب سے ڈوبنے والے پانچوں افراد کے جاں بحق ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر خالد سلیم نے کہا ہے کہ ڈوبنے والے افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے، نیوی کی ٹیم بھی طلب کی گئی ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق گزشتہ رات میرپور ماتھیلو کے قریب مسو نہر میں تیز رفتار موٹر سائیکل بے قابو ہو کر گر گئی۔ ڈوبنے والوں میں موٹر سائیکل سوار، اس کی بیوی، بہن اور 2بچے شامل ہیں۔ نعشوں کی تلاش کے لیے سکھر سے نیوی کی ٹیم روانہ ہو چکی ہے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے متاثرہ خاندان کے افراد کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ مزید برآں نوشہرہ میں خیبر آباد کے مقام پر چار افراد دریائے سندھ میں نہاتے ہوئے ڈوب گئے پولیس کے مطابق ڈوب کر لاپتہ ہونے والے تین افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے واقعہ ڈوبتے ہوئے دوست کو بچانے کی کوشش میں پیش آیا اور چاروں افراد ڈوب گئے چاروں کی عمریں 14 سے 20 سال کے درمیان ہیں جن میں چچا، دو بھتیجے اور دوست حسن شامل ہے۔