مذاکرات کامیاب، نان 12، روٹی 6 روپے میں ہی فروخت ہوگی

Jul 13, 2019

لاہور(کامرس رپورٹر، نیوز رپورٹر )نان بائی ایسوسی ایشن نے صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال سے مذاکرات کے بعد روٹی اور نان کی قیمتوںکوبالترتیب 6روپے اور 12روپے کی سطح پر رکھنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ صوبائی وزیر صنعت نے مسائل حل کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میاں اسلم اقبال نے کہا کہ 36اضلاع کے ڈی سی اوز کو احکامات جاری کئے گئے ہیں کہ روٹی اور نان کی زائد قیمتوں کا سد باب کیا جائے اور نان 12روپے اور 100 گرام سادہ روٹی کی قیمت 6روپے کی سطح پر برقرار رہے گی۔ انہوںنے کہا کہ حکومت پاکستان نے آٹے ، میدے، سوجھی اور فائن پر کوئی ٹیکس عائد نہیں کیا۔ حکومت پنجاب نے عام آدمی کے ریلیف کے لئے 2018ء میں 20کلو آٹے کے تھیلے کی جو 770روپے قیمت تھی اسے 2019ء میں بھی بر قرار رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت امسال آٹے کی مد میں 42ارب روپے کی سبسڈی دے رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ نان بائی ایسوسی ایشن سے مذاکرات ہوئے ہیں ان کے مسائل سنے ہیں۔ 18تاریخ کو وزیر اعظم لاہور آئیں گے ان سے نان بائیوں کے لئے گیس کے پرانے ٹیرف بحال کرنے کے لئے بات کروں گا۔ آٹے کے تھیلے کی قیمت بھی برقرار رہے گی جبکہ فلور ملوں کو سرکاری گندم کی جلد ریلیز شروع کر رہے ہیں۔ نان بائی ایسوسی ایشن کے صدر آفتاب اسلم گل نے کہا کہ 2013ء سے سادہ روٹی کی قیمت چھ روپے ہے۔ ہمیں گیس کا 700کا یونٹ 1283روپے کا ہو گیا ہے۔ اسلم اقبال نے کہا کہ یقین دلاتا ہوں کہ نان بائیوں کو آٹے کی بوری 2800،میدہ اور فائن کی بوری 3500روپے جبکہ گیس کے پرانے ٹیرف بحال کرنے کے لئے وزیر اعظم سے بات کروں گا۔دریں اثناء اس ضمن میں ایک اہم اجلاس کی صدارت ڈی سی لاہور صالحہ سعید نے کی جبکہ نان بائی ایسوسی ایشن کے صدر آفتاب گل، بہادر خاں اوردیگر عہدیداران نے شرکت کی۔ ڈی سی لاہور صالحہ سعید نے نان بائی ایسوسی ایشن کے مسائل سنُے اور اِن کو اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ گیس سے متعلق مسائل کو فوری حل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے ڈی سی لاہور کو یقین دہانی کروائی کہ نان12روپے اور روٹی6روپے میں ہی فروخت ہو گی۔

مزیدخبریں