نئی دہلی (این این آئی) معروف بھارتی وکلا اور حقوق انسانی کی علمبردار اندرا جے سنگھ اور ان کے شوہر کی رہائش گاہ اور دفاتر پر بھارتی تفتیشی ایجنسی سی بی آئی کے چھاپے، غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارت کی سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے سپریم کورٹ کی معروف وکیل اندرا جے سنگھ اور ان کے وکیل شوہر آنند گروور کی دہلی اور ممبئی میں واقع رہائش گاہوں اور ان کی غیرحکومتی تنظیم لائرز کلیکٹیو کے دفاتر پر چھاپے مارے۔ ان پر اپنی این جی او کے لیے بیرونی ملکوں سے حاصل فنڈ کا مبینہ طور پر غلط استعمال کرنے کا الزام ہے۔ بھارتی وزارت داخلہ نے شکایت کی تھی لائرز کلیکٹیو نے2006-07 اور 2014-15 کے درمیان 32.39 کروڑ روپے سے زائد حاصل کردہ غیر ملکی امدا د کامبینہ غلط استعمال کیا، وزارت داخلہ کا مزید کہنا تھاکہ اس این جی او کی رجسٹریشن غیر ملکی اعانت حاصل کرنے سے متعلق قانون کے تحت 2016 میں ہی معطل کردی گئی تھی۔لائرز کلیکٹیو کے خلاف غیر ملکی چندہ میں مبینہ گڑبڑ کے متعلق پہلا الزام 2015 میں بی جے پی حکومت نے لگایا تھا۔ اندرا جے سنگھ نے بے ضابطگی کے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی این جی او انہیں اور ان کے شوہر کوانسانی حقوق کے لیے کام کرنے کی وجہ سے نشانہ بنایا جارہا ہے۔