ٍلاہور (خصوصی نامہ نگار)تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم،تحریک صراط مستقیم کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے ملک کی تازہ ترین صورت حال پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ریاستِ مدینہ کے قیام کیلئے سیاستِ مدینہ کا اہتمام ضروری ہے ۔ چند کرپٹ عناصر کو محض گرفتار کرلینا کافی نہیں ،نظام مصطفیؐ کو اقتدار میں لانا ضروری ہے ۔ریاستِ مدینہ اسلام کے احکام،حدود کے قیام اور فلاح عوام کا نام ہے ۔تحفظ ناموس رسالت اور تحفظ عقیدہ ختم نبوت ریاست مدینہ کی ابتدائی ذمہ داری ہے شیخ رشید کے وزیر بننے کے بعد 79ٹرین حادثات بڑے دکھ کی بات ہے ۔اگر غور کیا جائے ہر وزارت اپنی نوعیت کے ایسے ہی حادثات سے دوچار ہے مگر کچھ حادثات نظر آتے ہیں اور کچھ نظر نہیں آتے ۔غریب امیر کا فرق کیے بغیر ٹیکسوں کی بھر مار کی جارہی ہے۔ صنعت کا پہیہ جام ہو چکا ہے ۔تاجر برادری بہت پریشان نظر آرہی ہے سرکاری لہجے پر ٹیکس اور عوامی لہجے پہ ہڑتا ل کا لفظ غالب آرہا ہے۔حکمرانوں کے قول و فعل کے تضاد میں عوام کواز حد پریشان کر دیا ہے۔بے روز گاری اور کاروبار کی بندش سے لاکھوں لوگو ں کیلئے بچوں کا پیٹ پالنا مشکل ہو گیا ۔بیرونی قرضہ جات سے بھی عام انسان تک کوئی ریلیف نہیں پہنچ رہا ۔