اسلام آباد ہائی کورٹ نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں بریت کے خلاف دائر درخواست اور نواز شریف کی جانب سے العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں سزا کے خلاف دائر درخواست18ستمبر کو سماعت کے لئے مقرر کر دی۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی بینچ دونوں اپیلوں پر سماعت کرے گا۔سابق وزیراعظم نوازشریف کی العزیزیہ ریفرنس اپیل موسم گرما کی عدالتی تعطیلات کے باعث 18ستمبر کو سماعت کے لیے مقررکردی گئی جب کہ فلیگ شپ ریفرنس میں نوازشریف کی بریت کے خلاف نیب اپیل بھی 18ستمبر کے لیے مقررکی گئی ہے۔ رجسٹرارآفس نے اپیلیں عدالت کے گزشتہ سماعت کے حکم کے مطابق مقررکیں۔واضح رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نمبر دو کے جج محمد ارشد ملک نے دونوں ریفرنسز پر فیصلے سنائے تھے اور العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں نواز شریف کو سات سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی جبکہ فلیگ شپ ریفرنس میں عدم شواہد کی بناء پر بری کر دیا تھا۔ عدالتی چھٹیوں کے باعث اسلام آباد ہائی کورٹ 18ستمبر کودونوں اپیلوں پر سماعت کر گی۔