کولمبو(آئی این پی) ٹیسٹ میچزکیلئے دورئہ پاکستان پرسری لنکا ہچکچاہٹ کا شکار ہے۔ پی سی بی سری لنکا کو رواں برس دورے پر قائل کرنے کی کوشش کر رہا ہے ،آئی لینڈرز کا ٹور ممکنہ طور پر2حصوں میں تقسیم ہو گا، ستمبر اور اکتوبر میں 2ٹیسٹ اور پھر دسمبر میں 3ٹی ٹوئنٹی اور اتنے ہی ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے، بورڈ نے کئی ماہ قبل سری لنکن بورڈ کو دعوت دی تھی کہ وہ کراچی اور لاہور میں ٹیسٹ میچز کھیلنے کیلئے ٹیم کو بھیجے مگر اس نے تاحال ٹور کی تصدیق سے گریز کیا ہے،لندن میں موجود چیئرمین پی سی بی احسان مانی اب آئی سی سی میٹنگز کے دوران سری لنکن ہم منصب کو قائل کرنے کی کوشش کریں گے۔ذرائع کے مطابق گوکہ بظاہر سری لنکا پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات سے مطمئن ہے مگر اسے کھلاڑیوں کے ہوٹل تک محدود رہنے پر اعتراض ہے، حکام کا خیال ہے کہ ٹیسٹ میچز 10روز تک ہوں گے اور درمیان میں 3دن کا وقفہ بھی ضروری ہے، کم از کم یہ ٹور 15روز کا ہوگا۔اس دوران کھلاڑیوں کیلئے یہ ممکن نہیں کہ وہ اسٹیڈیم جائیں اور پھر ہوٹل میں رہیں ، پاکستان میں ابھی حالات ایسے بھی نہیں کہ وہ یو اے ای کی طرح آزادانہ گھومتے رہیں،بورڈ نے انھیں ایک ٹیسٹ کھیلنے کا بھی آپشن دیا جس کا ابھی جواب نہیں ملا ہے، اگر سری لنکا نہ مانا تو پھر محدود اوورز کے چند میچز کیلئے دعوت دی جائے گی جس کو منظور کرنے کا قوی امکان ہے، آئی لینڈرز 2017میں بھی ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے کیلیے لاہور آ چکے ہیں۔