کراچی ( اسپورٹس رپورٹر) ینگ مواچھ فٹبال کلب کے زیراہتمام ینگ مواچھ فٹبال گرائونڈ سجن گوٹھ میں جاری آل کراچی شہید متحرمہ بے نظیر بھٹو یادگاری فٹبال ٹورنامنٹ میں مزید دو میچوں کا فیصلہ ہوگیا۔ ان میچز میں شاہد میموریل نے پاک بلوچ کو4-0 سے اورینگ مواچھ فٹبال کلب نے بشیر میموریل سائوتھ کو5-0 سے شکست دیدی۔ینگ مواچھ فٹبال گرائونڈ سجن گوٹھ میں جاری آل کراچی شہید متحرمہ بے نظیر بھٹو یادگاری فٹبال ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں شاہد میموریل نے پاک بلوچ کو4-0 سے پچھاڑ دیا۔ کھیل کے آغاز سے ہی شاہد میموریل کے فاروڈز نے پاک بلوچ کے گول پر حملے کئے اور کھیل کے 10ویں منٹ میں گل محمد نے گول بناکر اپنی ٹیم کی برتر ی کو1-0 کردیا۔ پہلے ہاف میں شاہد میموریل کی ٹیم 1-0سے جیت رہی تھی، دوسرے ہاف میں شاہد میموریل کے کھلاڑی میچ پر چھائے گے اور محمد علی نے36 ویں منٹ میں گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کی سبقت کو 2-0سے دگنا کردیا۔ کھیل کے42 ویں منٹ میں یاسر نے تیسرا گول کرکے مقابلہ3-0 کردیا۔ میچ کا چوتھا گول کھیل کے اختتام سے دو منٹ قبل58 ویں منٹ میں عاقب نے بناکر اپنی ٹیم کو میچ میں4-0 سے کامیابی دلوادی۔ دوسرے میچ میں میزبان سائیڈ نے ینگ مواچھ نے ہوم گرائونڈ اور ہوم کرائوڈ کی موجودگی میں بشیر میموریل سائوتھ کو5-0 سے ٹھکانے لگادیا۔کھیل کے آغاز سے ہوم ٹیم ینگ مواچھ کے کھلاڑیوں نے بشیر میموریل کے گول پر تابڑ توڑ حملے شروع کردیئے، علی نے14 ویں منٹ اور شکیل نے 16ویں منٹ میں دو گول داغ کر اپنی ٹیم کو میچ میں2-0 کی سبقت دلوادی۔ وقفے سے قبل میچ کا تیسرا گول29 ویں منٹ میں جمیل نے بناکر اپنی ٹیم کی برتری کو وقفے سے قبل 3-0کردیا۔ ہاف ٹائم میں ینگ مواچھ کی ٹیم 3-0سے جیت رہی تھی، دوسرے ہاف میں جمیل نے 34ویں منٹ میں میچ کا چوتھا گول کرکے اپنی ٹیم کی سبقت کو 4-0کردیا۔ کھیل کے اختتامی لمحات میں بہادر نے58 ویں منٹ میں گول اسکور کرکے میزبان ٹیم کو میچ میں5-0 سے سرخرو کردیا۔میچ کے ریفری عبدالواسع، ڈپٹی ریفریز نذیر ، عمر مومن، میچ کمشنر خدابخش کے پی ٹی اور میڈیا کوآرڈینیٹر محمد سلیم سماء تھے۔