وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ بلاول صاحب! آپ کو گھوٹکی میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں شکست واضح نظر آئی تو فائول پلے کرنا شروع کردیا۔سندھ میں میں حکومت آپکی، انتظامیہ آپ کے ماتحت،آپ کا امیدوار پولیس پروٹوکول کے ساتھ مہم چلائے۔پھر دھاندلی کا شور مچا کر کسے بے وقوف بنا رہے ہیں؟۔ آج سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں معاون خصوصی نے کہاکہ سندھ کے عوام اندھیر نگری اور کرپشن کے چوپٹ راج کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔گھوٹکی کے ضمنی انتخاب میں شکست کا واضح خوف رات 12 بجے بلاول کی انگریزی میں چیخ و پکار کی صورت نظر آیا۔ ڈاکٹر فردوس نے کہا کہ جو الیکشن آپ جیتں وہ آزادانہ اور منصفانہ،جو ہار جائیں تو وہ دھاندلی زدہ؟ یہ سیاسی منافقت نہیں تو کیا ہے؟رات کے اندھیرے میں پریس کانفرنس نہیں چور مچائے شور تھا۔بلاول صاحب سیاسی ڈرامے بازی بند کریں اور اپنے صوبے میں دم توڑتے بچوں کا حساب دیں۔
سندھ کےعوام کرپشن کےچوپٹ راج کےخلاف اٹھ کھڑے ہوئےہیں:ڈاکٹرفردوس
Jul 13, 2019 | 15:07