کرونا کے باوجود برآمدات میں اضافہ ہونے پرمریم صاحبہ کو رنج ہے،شہباز گل

Jul 13, 2020

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی رابطہ کار شہباز گِل نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کی ایک ٹوئٹ پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر باہر کسی ملک میں اورنج لائن جیسے سفید ہاتھی کو عوام کے سر تھوپنے کی کوشش کرتے تو آپ جیسے نااہل ''معماروں'' کو محاورتاً نہیں حقیقتاً ''چْن'' دیا جاتا یا اس کھجور کے درخت کے ساتھ باندھ دیا جاتا جو آپ نے لاکھوں روپے میں بیچے۔ مسلم لیگی رہنما احسن اقبال نے گزشتہ روز ٹوئٹر پر اپنی اور شاہد خاقان عباسی کی ایک تصویر ری ٹوئٹ کی جس پر انہوں لکھا کہ’’ ہم کو اس شہر میں تعمیر کا سودا ہے جہاں لوگ معمار کو چن دیتے ہیں دیوار کے ساتھ‘‘۔اس ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے معاون خصوصی شہباز گِل نے کہا کہ شکر منائیں کہ’’ آپ جیسے معمار پاکستان میں پائے جاتے ہیں‘‘۔ شہباز گل نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ’’ اگر باہر کسی ملک میں اورنج لائن جیسے سفید ہاتھی کو عوام کے سر تھوپنے کی کوشش کرتے تو آپ جیسے نااہل ''معماروں'' کو محاورتاً نہیں حقیقتاً ''چْن'' دیا جاتا یا اس کھجور کے درخت کے ساتھ باندھ دیا جاتا جو آپ نے لاکھوں روپے میں بیچے‘‘۔ شہباز گل نے مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کے بیان پر بھی ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ’’ کورونا کے باوجود برآمدات میں اضافہ ہونے پرمریم صاحبہ کو رنج ہے، آج 5 ہزار ارب روپے قرض واپس کرنے والے سے سوال کر رہے ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ 2سال میں معیشت کو درست سمت لے جانے پر استعفاٰ مانگا جا رہا ہے درحقیقت بلومبرگ، موڈیز، ورلڈ بینک کا معاشی استحکام کی تعریف کرنا انہیں چبھ رہا ہے۔معاون خصوصی نے سوالیہ انداز میں کہا کہ پاکستان کا کرنٹ اکاو نٹ خسارہ مثبت کرنے کی پاداش میں عمران خان مستعفیٰ ہوں؟ حالانکہ ن لیگ ہوتی تو زلزلہ زدگان کی رقم کی طرح 1200 ارب بھی جیبوں میں ڈالا جاتا۔

مزیدخبریں