لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے آج سوموار سے تمام دفاتر کھولنے کا فیصلہ کرلیا،عملے کو اوقات کار کے مطابق دفتر پہنچنے کی ہدایت کر دی گئی پی ایچ ایف نے دو ہفتے کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن کے دفاتر کھولنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اولمپئین آصف باجوہ کا کہنا ہے کہ 13 جولائی سے پی ایچ ایف کے دفاتر کھو لے جارہے ہیں۔ پی ایچ ایف ہیڈ کوارٹر معمول کے مطابق کام شروع کرے گا، دفتر جاکر زیر التواء معاملات نمٹانے کی کوشش کریں گے۔ کھلاڑیوں کے واجبات کی ادائیگی سمیت اہم امورز پر توجہ ہو گی۔ہاکی سرگرمیوں کی بحالی اور ڈومیسٹک ایونٹ جلد فائنل کریں گے۔ جونیئر اور سینئرز ٹیموں کے تربیتی کیمپ بھی پلان کرنے ہیں۔واضح رہے ملک میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافے کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اپنے تمام دفاتر بند کردیے تھے۔ پی ایچ ایف سٹاف کو گھر سے معمول کے امور نمٹانے کی ہدایت دی گئی تھی۔ دفاتر دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورت حال کو دیکھ کر کیا گیا ہے۔