اسلام آباد (این این آئی) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید کی قیادت میں ایک وفد نے ایف بی آر کے چیئرمین محمد جاوید غنی کے ساتھ ملاقات کی اور ان کو اپنا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی جبکہ تاجر برادری کے ٹیکس مسائل کو حل کرنے کے امور پر ان کے ساتھ بات چیت کی۔ وفد سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر محمد جاوید غنی نے کہا کہ تاجر برادری کے ٹیکس مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی جائے گی تا کہ وہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے میں سہولت محسوس کریں اور معیشت کو بہتر کرنے میں فعال کردار ادا کریں۔ وفد کی دعوت قبول کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کریں گے تا کہ وہ تاجر برادری کے ٹیکس مسائل سن سکیں اور ٹیکس نظام کو بہتر کرنے کے بارے میں ان سے مشاورت کر سکیں۔ انہوں نے کہا ایک ایسا ٹیکس نظام فروغ دینے کی کوشش کی جائے گی جو کاروباری و معاشی سرگرمیوں کو ترقی دینے میں معاون ہو اور ملک کا ٹیکس ریونیو بہتر کرنے میں کارآمد ہو۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے محمد جاوید غنی کو چیئرمین ایف بی آر کا چارج سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ تاجر برادری کے ٹیکس مسائل کو حل کرنے کیلئے مطلوبہ اقدامات اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ٹیکس ریفنڈز کی واپسی کا عمل بہتر کرنا چاہتی ہے لیکن اس پر کام کی رفتار سست ہے جس وجہ سے تاجر برادری کو لیکویڈیٹی کے مسائل کا سامنا ہے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی، یو بی جی ایف پی سی سی آئی کے چیف کوآرڈینیٹر ملک سہیل حسین اور چیمبر کے سابق نائب صدر احسن ظفر بختاوری نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب تاجر برادری امپورٹ کے وقت انپٹ ٹیکس ادا کرتی ہے تو ان کواس ٹیکس کی سو فیصد ایڈجسمنٹ کی اجازت دی جائے کیونکہ ان کو 10فیصد ٹیکس کی وصولی سے محروم کرنا ان کے ساتھ زیادتی ہے۔
کاروباری سرگرمیوں کیلئے تاجر برادری کے مسائل حل کرینگے: چیئرمین ایف بی آر
Jul 13, 2020