خطے میں قیام امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا پر امن حل ناگزیر‘ عالمی برادری نوٹس لے: سپیکر قومی اسمبلی

Jul 13, 2020

اسلام آباد (آن لائن) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ آزادی کی خاطر کشمیریوں نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ہاتھوں شہید ہونے والے ان نہتے کشمیریوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر کے باسی اپنی حق خودارادیت کی جدوجہد کے ذریعے کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہوتا ہوا دیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے جسے حل کیے بغیر جنوبی ایشیا میں امن کا قیام ناممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ گزشتہ 11 ماہ سے کشمیر میں بھارت کی فاشسٹ حکومت کی جانب سے جبری لاک ڈاؤن جاری ہے، جس کے باعث ہزاروں کشمیری شہید ہو چکے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم کا سختی سے نوٹس لے۔ انہوں نے اس خدشے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر حل نا ہونے کی وجہ سے خطہ کسی بڑی جنگ کی دلدل میں پھنس سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے طاقت کے بل بوتے پر قبضہ جدید معاشرے کی اخلاقی اقدار اور عوام کے بنیادی حقِ خودارادیت کے منافی ہے۔اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ شہدائے کشمیر کی جدو جہد اور ان کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ کشمیری بہت جلد آزادی کا سورج طلوع ہوتا دیکھیں گے اور انہیں آزاد فضا میں سانس لینے کا موقع ملے گا۔

مزیدخبریں