اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پشاور موڑ۔نیو ائیر پورٹ اسلام آباد میٹرو بس منصوبے کے انفراسٹرکچر کی تعمیر تکمیل کے مراحل میں داخل ہو گئی ہے ، پیکج ون اور ٹو پر بالترتیب 98 فیصد اور 92 فیصد کام مکمل کر لیا گیا۔ 26.5 روڈ ٹریک بچھایا جا چکا ہے جبکہ منصوبے کا برقی کام جاری ہے اور بس اسٹاپس کا کام تکمیل کے مراحل میں ہے۔ میٹرو راہداری گولڑہ موڑ انٹرچینج سے جی ٹی روڈ انٹرچینج ٹریفک بہائو کو برقرار رکھنے کے لئے فلائی اوور اور انڈر پاسز بھی تعمیر کئے گئے ہیں جو ملحقہ سڑکوں کو ملانے کے لئے ہیں- گزشتہ مالی سال 20-2019 کے دوران پی ایس ڈی پی کے تحت اس منصوبے کے لئے 3533.661 ملین روپے رکھے گئے تھے جو جاری کر دیئے گئے ہیں۔ اس منصوبے پر لاگت کا تخمینہ 16427.9 ملین روپے لگایا گیا تھا اور 30 جون 2020 تک اس منصوبے پر 11679.605 ملین روپے خرچ کیے جا چکے ہیں ۔