لاہور: پنجاب میں موبائل اراضی سینٹرز متعارف کرانے کافیصلہ۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر موبائل اراضی سنٹرز شروع کرنے کیلئے تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔ سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ محکمانہ اصلاحات سے کرپشن اورروایتی بوسیدہ نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔
بزدار حکومت کے عوامی مسائل کے حل کیلئے جدید انداز میں موثر اقدامات۔ وزیر اعلی سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر اراضی ریکارڈ سے متعلقہ خدمات عوام کو ان کی دہلیز پر میسر ہوں گی۔ وزیراعلیٰ کی ہدایات پر موبائل اراضی سنٹرز شروع کرنے کیلئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ اب موبائل اراضی سنٹرز کے باعث دور دراز علاقوں کے لوگوں کو ان گھروں کے قریب زمین سے متعلقہ خدمات ملیں گی۔ درخوست گزار کیلئے اب گھر بیٹھے فرد کا اجراء یا انتقال اراضی ممکن ہو سکے گا۔ موبائل اراضی سنٹر ز سے خصوصی طور پر بزرگوں، بیمار افراد اور خواتین کو سہولت ملےگی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں منفرد اصلاحات کے ذریعے عوام کو ان کا حق واپس کر رہے ہیں۔ اراضی ریکارڈ سسٹم میں ریفارمز برسوں پرانے فرسودہ نظام کی باقیات کا حقیقی معنوں میں خاتمہ کریں گی۔ پہلے مرحلے میں بیس موبائل اراضی یونٹس خریدےگئے ہیں جن میں جدید آلات لگائے گئے ہیں۔ موبائل اراضی یونٹس کو صوبے میں قائم دیگر اراضی سینٹرز سے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے منسلک کیا گیا ہے۔ صوبے میں موبائل اراضی سینٹرز کی باقاعدہ سروس کا آغاز جلد کردیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ای گورننس کے اس اقدام سے پنجاب میں پٹوار کلچر کا حقیقی طور پر خاتمہ ہوگا۔ ماضی کی حکومتیں ذاتی مفاد کیلئے پٹوار کلچر کو فروغ دیتی رہیں۔