تعمیراتی میٹریل مہنگا ہونے سے  سستے گھروں کی تعمیر ، ایمنسٹی سکیم متاثرہوگی: سعدنذیر

Jul 13, 2021

لاہور(کامرس رپورٹر)حکومت نے عوام کے لئے سستے گھروں کی تعمیر کے خواب کو شرمندہ تعبیر اور کنسٹرکشن کے شعبے کی ایمنسٹی سکیم کو کامیاب کرنا ہے تو تعمیراتی میٹریل کی بڑھی ہوئی قیمتوں کو کنٹرول کرنا ہوگا،حکومت گھروںکی تعمیر میں استعمال ہونے والے میٹریل پر عائد ٹیکسزمیں کمی کرے ،حکومت نے سریا، سیمنٹ سمیت دیگر تعمیراتی میٹریل کی بڑھتی قیمتوں کو روکنے کے لیے اقدامات نہیں کیے تو سستے مکانات کا منصوبہ متاثرہونے کا خدشہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار رئیل سٹیٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والے سعد نذیر نے ایک بیان میں کیا۔ انہوںنے کہا کہ کچھ عرصے سے سریا، سیمنٹ اور دیگر میٹریل کی قیمتوں میں جس تیزی سے اضافہ ہوا ہے اس نے تعمیراتی شعبے سے منسلک افراد کو شدید تشویش میں مبتلا کردیا ہے،حالیہ چھ ماہ میں صرف سریے کی فی ٹن قیمت 35سے 37روپے تک بڑھی ہے ،اسی عرصے میں سیمنٹ کی بوری کی قیمت میںبھی 80سے100روپے تک اضافہ ہوا ہے ۔جبکہ اسی طرح اسٹیل ، شیشے ، لکڑی ،سینٹری ،بجری ،ریت کی قیمتوں میں بھی اسی تناسب سے اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر میٹریل کی قیمتوں میں اسی رفتار سے اضافہ ہوتا رہا تو ایک اندازے کے مطابق 40سے50لاکھ روپے والے گھر کی قیمت میں کم سے کم 2سے 3لاکھ روپے اضافہ ہو جائے گا ۔

مزیدخبریں