اسٹاک مارکیٹ میں سٹی فارما کی لسٹنگ کیلئے گونگ تقریب کا انعقاد 

Jul 13, 2021

کراچی (کامرس رپورٹر )پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کے لیے ایک اور مثبت پیشرفت کے طور پر نئی کمپنی کی لسٹنگ عمل میں آئی ہے۔ رواں مالی سال 2022 میں پی ایس ایکس میں پہلی لسٹنگ سٹی فارما لمیٹڈ (سی پی ایل) کی انیشل پبلک آفرنگ (آئی پی او) کی صورت میں سامنے آئی ہے۔ سی پی ایل کا اسٹاک ایکسچینج میں اندراج کیا گیا تھا۔ ایکسچینج میں  پیرکو ایک گونگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔آئی پی او کو بْک بلڈنگ کے مرحلے میں زبردست کامیابی حاصل ہوئی جس میں اسٹرائیک پرائس 32 روپے فی شیئر رہی جبکہ فلور پرائس 28 روپے فی شیئر تھی۔ بْک بلڈنگ کے عمل میں مجموعی طور پر 516 سرمایہ کاروں کی ایک بڑی تعداد نے ادارہ جاتی اور انفرادی حیثیت میں حصہ لیا جس میں سے 340 سرمایہ کار کامیاب ٹھہرے۔اس اجرا کو 2.0xکے ساتھ اوور سبسکرائب کیا گیا جس میں فلور پرائس پر 2.035 ارب روپے کے ایشو سائز کے مقابلے میں مجموعی طو ر پر 4.087ارب روپے کی رقم موصول ہوئی۔عوام کی جانب سے زبردست دلچسپی ظاہر کی گئی اور اجرا کے عام عوامی حصے کو1.6 بار اوور سبسکرائب کیا گیا۔ایشو سائز 18,173,000کے مقابلے میں عام حصص کے لیے28,751,041 درخواستیں موصول ہوئیں۔سرمایہ کاروں کی نمایاں تعداد میں نے بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ای آئی پی او سسٹم کے توسط سے اِیشو میں سرمایہ کاری کے حوالے سے دلچسپی ظاہر کی۔ ای آئی پی او سسٹم کے ذریعے 416,000حصص کے لیے کْل 232 درخواستیں بھیجی گئیں۔سی پی ایل کا اِیشو 72,692,000عام حصص یا مجموعی پوسٹ -آئی پی او، پیڈ -اپ کیپٹل کے 35فیصد پر مشتمل تھا۔ اس تمام اِیشو کو بْک بلڈنگ کے طریقہ کار کے ذریعے 28 روپے فی شیئر کی فلور پرائس پر پیش کیا گیا تھا جس میں زیادہ سے زیادہ پرائس بینڈ 40 فیصد تک تھا۔ ابتدائی طور پر، 75 فیصد حصص یعنی 54,519,000 عام حصص کامیاب بولی دہندگان کو الاٹ کیے گئے تھے اور ایشو سائز کے 25فیصدیعنی  18,173,000 عام حصص کواسٹرائیک پرائس پر ریٹیل سرمایہ کاروں کو پیش کیا گیا تھا۔ اِیشو کی بْک بلڈنگ کی تاریخیں 15 تا 16 جون 2021 تھیں جبکہ اِیشو کے ریٹیل حصے کے لیے عوامی سبسکرپشن کی تاریخیں 23 سے 24 جون 2021 تھیں۔سی پی ایل کے اِیشو کی کامیاب سبسکرپشن کے بارے میں بات کرتے ہوئے، پی ایس ایکس کے سی او او نادر رحمان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایکس کو اس بات پر بہت فخر ہے کہ رواں مالی سال2022 کی پہلی کمپنی کی جولائی 2021کے پہلے نصف حصے میں ہی لسٹنگ ہوچکی ہے۔ سٹی فارما لمیٹڈ کے سی ای او رضوان احمد شیخ نے اسٹاک ایکسچینج میں سی پی ایل کی لسٹنگ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ، ’’ہم اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں کہ اس لسٹنگ کے سبب ہمیں پاکستانی کمپنیوں کے درمیان ایک نمایاں مقام بنانے میں مدد ملی ہے۔ تاہم، یہ بلندی،بڑھتی ہوئی ذمہ داری کے ساتھ نصیب ہورہی ہے اور انشااللہ ہم اپنی پوری کوشش کریں گے کہ نہ صرف سٹی فیملی میں تمام نئے حصص یافتگان کا استقبال کریں بلکہ انھیں اچھے نتائج دیں۔  

مزیدخبریں